آئی ٹی برآمدات کے فروغ کیلئے اسلام آباد میں انفارمیشن ٹیکنالوجی زون قائم کیا جائے، احمد حسن مغل

انفارمیشن ٹیکنالوجی زون کے قیام سے آئی ٹی شعبے کے کاروبار اوربرآمدات کو بہتر فروغ ملے گا، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو گا ،معیشت ترقی کریگی، صدر اسلام آباد چیمبر

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ وفاقی دارالحکومت میں ایک انفارمیشن ٹیکنالوجی زون تعمیر کرنے پر غور کرے جس سے آئی ٹی شعبے کے کاروبار اور برآمدات کو بہتر فروغ ملے گا، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو گا اور معیشت ترقی کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے چیمبر میں آئی ٹی شعبے کے لئے منعقد ہ ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جسکا مقصد آئی ٹی شعبے کے انٹرپرینیورز کو یہ موقع فراہم کرنا تھا کہ وہ اپنے شعبے کو درپیش مسائل سے چیمبر کو آگاہ کریں تا کہ ان کو متعلقہ حکومتی اداروں کے ساتھ اٹھایا جا سکے۔احمد حسن مغل نے کہا کہ انڈیا نے آئی ٹی شعبے کیلئے سازگار پالیسی سازی کی ہے جس وجہ سے ان کی آئی ٹی انڈسٹری ترقی کر کے 2017-18میں 167ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے اور 2018میں انڈیا کی آئی ٹی انڈسٹری کی برآمدات126ارب ڈالر تک پہنچ گئی تھیں لیکن اس کے برعکس پاکستان کی آئی ٹی صنعت کی برآمدات 2017-18میں بمشکل ایک ارب ڈالر تک تھیں جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان اس شعبے میں کتنا پیچھے ہے۔

لہذا انہوںنے حکومت پر زور دیا کہ وہ آئی ٹی انڈسٹری کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کرے اور اس شعبے کیلئے سازگارپالیسیاں بنائے جس سے آئی ٹی انڈسٹری معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرنے کے قابل ہو گی۔ آئی ٹی شعبے کے انٹرپرینیورز نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی عدم توجہ کی وجہ سے یہ شعبہ متعدد مسائل کا شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ 2016میں جنوبی کوریا نے 9ارب روپے سے زائد کی لاگت سے چک شہزاد اسلام آباد میں 45ایکٹر رقبے پرمشتمل ایک انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک تعمیر کرنے پراتفاق کیا تھا لیکن ابھی تک اس منصوبے پر کوئی مثبت پیش رفت نہیں کی گئی لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اسلام آباد میں جدید سہولیات سے لیس ایک آئی ٹی ٹیکناوجی زون قائم کرے تا کہ اس شعبے کے کاروبار بہتر فروغ ملے جس سے برآمدات میں اضافہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی شعبہ معیشت کی ترقی کیلئے ریڈھ کی ہڈی کا درجہ رکھتا ہے لہذا حکومت اس شعبے کی بہتری پر خصوصی توجہ دے ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان ایکسپورٹ پرومیشن بورڈ آئی ٹی برآمدات کو فروغ دینے کیلئے کوئی فعال کردار ادا نہیں کر سکا لہذا حکومت اس کی انتظامیہ نجی شعبے کے حوالے کرے تا کہ اس کی کارکردگی کو بہتر کیا جا سکے۔ انہوںنے کہا کہ حکومت نے کمپیوٹرز کے بعض پرزہ جات کی درآمد پر بھاری ڈیوٹی لگائی ہوئی ہے جس سے اس شعبے کی ترقی متاثر ہو رہی ہے لہذا حکومت ان ڈیوٹیز کو کم کرے۔انہوںنے کہا کہ انڈر انوائسنگ بھی آئی ٹی شعبے کی ترقی کی راہ میں ایک اہم رکاوٹ ہے لہذا حکومت اس مسئلے کی طرف بہتر توجہ دے۔انہوںنے کہا کہ پاکستان پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے طے کردہ ٹینڈرز ڈیزائن مقامی آئی ٹی انڈسٹری کی ٹینڈروں میں شمولیت کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں لہذا انہوںنے مطالبہ کیا کہ حکومت مقامی آئی ٹی انڈسٹری کو سرکاری ٹینڈرز میں شمولیت کا زیادہ موقع فراہم کرے جس سے یہ صنعت بہتر ترقی کرے گی۔انہوںنے کہا کہ موجودہ ٹیکس نظام بھی آئی ٹی انڈسٹری کیلئے سازگار نہیں ہے لہذا حکومت اس پر نظرثانی کرے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر رافعت فرید، نائب صدر افتخار انور سیٹھی اور چیمبر کی آئی ٹی کمیٹی کے چیئرمین سید اسد حیدر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت پاکستان ایکسپورٹ پروموشن بورڈ میں ضروری اصلاحات لائے اور یہ ادارہ ملکی و بین الاقوامی سطح پر آئی ٹی شعبے کی سروسز و مصنوعات کی باقاعدگی کے ساتھ نمائشیں منعقد کرے جس سے اس شعبے کے کاروبار اور برآمدات کو بہتر فروغ ملے گا۔انہوںنے کہا کہ آئی ٹی شعبہ روزگار کے بے شمار نئے مواقع پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے لہذا سرکاری محکموں کو چاہیے کہ وہ مقامی آئی ٹی انڈسٹری سے ہارڈ وئیر اور سافٹ وئیر سمیت دیگر سروسز و مصنوعات خریدنے کو ترجیح دے جس سے یہ صنعت تیزی سے ترقی کرے گی اور ملک کی ترقی میں فعال کردار ادا کرے گی۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

1 تبصرہ

  1. Luckycola کہتے ہیں

    Level up your character and unlock new abilities as you progress Lucky cola

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.