آٹو موبائل ترک کمپنیوں کے پاکستان سے مذاکرات

ترکی کے سرمایہ کار سی پیک کے توانائی منصوبوں اور انڈسٹریل زونز میں دلچسپی کا اظہار کررہے ہیں جب کہ ترکی کی گاڑیاں بنانے والی بڑی کمپنیاں پاکستانی انجینئرنگ کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ منصوبوں کے لیے بھی بات چیت کررہی ہیں۔

استنبول میں تعینات پاکستانی قونصل جنرل بلال خان پاشا نے کہا ہے کہ پاکستانی آٹو انڈسٹری بالخصوص ٹریکٹر کے پرزہ جات، ٹائر ٹیوب کے لیے ترکی کی مارکیٹ میں بہت پوٹینشل ہے۔ ترکی کی گاڑیاں بنانے والی بڑی کمپنیوں اور پاکستان کی انجینئرنگ کمپنیوں کے درمیان مشترکہ منصوبوں کے لیے بات چیت جاری ہے اور اگلے مرحلے میں پاکستانی ایس ایم ایز اور ترکی کی چھوٹی صنعتوں کے درمیان اشتراک عمل قائم ہوگا۔

گاڑیوں اور ٹریکٹرزکے پرزہ جات بنانے والی پاکستانی کمپنیاں اور ٹائرٹیوب بنانے والی کمپنیوں کو اس سال آٹومکینکا نمائش سے کافی بہتر برآمدی آرڈرز ملنے کی توقع ہے جس سے ترکی کی مارکیٹ میں پاکستانی غیرروایتی مصنوعات کی ایکسپورٹ بڑھانے میں مدد ملے گی۔

استنبول میں جاری آٹومکینیکا نمائش کے موقع پر ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے بلال خان پاشانے بتایاکہ ترکی کو پاکستان کی ایکسپورٹ350ملین ڈالر ہے جو زیادہ تر روایتی مصنوعات ٹیکسٹائل، ڈینم، گارمنٹس، سرجری کے آلات، کھیلوں کا سامان، خام لیدر اور لیدر مصنوعات پر مشتمل ہے تاہم آٹو پرزہ جات، ٹائر ٹیوب اور ٹریکٹر کے پرزہ جات کی صنعت میں بھی بے حد مواقع موجود ہیں، اگرچہ اس وقت پاکستانی ٹریکٹر پرزہ جات اور ٹائر ٹیوب و آٹو پرزہ جات کی ایکسپورٹ 4سے 5ملین ڈالر ہے تاہم ترکی کی آٹو انڈسٹری کے ساتھ گہرے روابط قائم کرکے اس حجم کو 2سے 3گنا بڑھایا جاسکتا ہے اور پاکستانی سفارت خانہ بھی ترکی کی مارکیٹ میں غیرروایتی مصنوعات کی ایکسپورٹ بڑھانے پر توجہ دے رہا ہے۔

ترکی کی آٹو انڈسٹری میں چین، بھارت اور ویت نام تیزی سے اپنی جگہ بنارہے ہیں تو پاکستان کے لیے بھی مواقع موجود ہیں اور پاکستانی مصنوعات اپنے معیار اور مناسب قیمت کی بنیاد پر ترکی اور یورپی منڈیوں میں جگہ بناسکتی ہیں۔ قونصل جنرل نے بتایا کہ آٹو مکینکا نمائش میں پاکستان بھرپور انداز میں شرکت کررہا ہے۔

اس سال نہ صرف کمپنیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے بلکہ پویلین کو بھی خصوصی طور پر ایمرجنگ پاکستان کی تھیم سے آراستہ کیا گیا ہے، خصوصی ڈیزائن کا حامل قومی پویلین نمائش کے شرکا کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے پویلین کے لیے ہال نمبر10میں ایسی جگہ کا انتخاب کیا گیا ہے جہاں زیادہ سے زیادہ وزیٹرز اور خریداروں کا گزر ہو۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.