سونے کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ، تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

اسلام آباد / کراچی / لاہور / کوئٹہ / پشاور: مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد تمام سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گئے۔

تفصیلات کے مطابق مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی فی تولہ قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔آل پاکستان جیولرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ارشد کے مطابق مقامی صرافہ بازاروں میں 1700 روپے اضافے کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت 86ہزار 100 روپے تک پہنچ گئی اسی طرح 10 گرام کی قیمت بھی 1400 روپے سے زائد اضافے کے ساتھ 73ہزار 816 روپے تک پہنچ گئی۔

گزشتہ روز بلین مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی قیمت میں 3 ڈالر کا اضافہ ہوا تھا جس کے بعد قیمت 1467 فی اونس تک پہنچ گئی تھی۔ بلین مارکیٹ میں اضافے کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 400 اور دس گرام کی قیمت میں 343 روپے کا اضافہ ریکارڈ ہوا۔

گزشتہ روزکراچی، حیدر آباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کے صرافہ بازاروں میں سونے کی لین دین فی تولہ 84ہزار 400 جبکہ دس گرام 72 ہزار 360 روپے کے ساتھ ہوئی تھی۔

یہ بھی یاد رہے کہ دو اگست کو مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی فی تولہ قیمت 1 ہزار روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.