سعودیہ میں مقیم نجی ڈرائیورز اپنے لائسنس کی تجدید کیسے کروا سکتے ہیں؟

سعودی محکمہ ٹریفک کی جانب سے آفیشل ویب سائٹ پر طریقہ کار کی وضاحت کر دی گئی

سعودی عرب میں لاکھوں کی تعداد میں غیر مُلکی مقیم ہیں جن میں پاکستانی بھی بڑی گنتی میں مقیم ہیں جن میں سے بیشتر ڈرائیونگ کے پیشے سے منسلک ہیں۔ اکثر پاکستانی ڈرائیور عربی زبان سے عدم واقفیت کی بناء پر سعودی محکموں خصوصاً محکمہ ٹریفک کی جانب سے بیانات، ترمیم شدہ ضوابط و قواعد اور اہم ہدایات نہیں پڑھ پاتے۔اسی وجہ سے انہیں پتا نہیں ہوتا کہ اگر وہ اپنے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کروانا چاہتے ہیں تو انہیں کیا طریقہ کار اپنانا ہو گا۔ تاہم سعودی محکمہ ٹریفک ’المرور‘ کی جانب سے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر نجی ڈرائیورز کے لیے لائسنس کی تجدید کا نیا طریقہ کار اپنی ویب سائٹ پر جاری کر دیا ہے۔ سعودی محکمہ ٹریفک کے مطابق نجی ڈرائیور کو اپنے لائسنس کی تجدید کے لیے تین مراحل پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔سب سے پہلے تو تجدید کی لائسنس فیس جمع کروائی جائے۔ اگر کسی ڈرائیور کے خلاف کوئی ٹریفک خلاف ورزیوں کی بناء پر جرمانے عائد کیے گئے ہیں تو پھر ان جرمانوں کی ادائیگی کر کے انہیں خلاف ورزیوں کو کلیئر کروانا ہو گا۔ جبکہ تیسرے مرحلے میں نجی ڈرائیور کا میڈیکل ٹیسٹ کرایا جائے گا۔ ان تینوں مراحل کی تکمیل کے بعد ڈرائیونگ اسکول میں ٹریفک کے ادارے سے رجوع کر کے وہاں سے لائسنس کی تجدید کی درخواست کا تیار شدہ فارم جمع کروایا جائے۔اگر ڈرائیور میڈیکل ٹیسٹ میں پاس ہو جاتا ہے، لائسنس کی تجدید کی فیس اور جرمانے (اگر ہوں تو) ادا کر دیئے اور ڈرائیور کا ٹریفک ریکارڈ صاف ہے تو ایسی صورت میں وہ نئی تصاویر دے کر تجدید شدہ لائسنس حاصل کر سکتا ہے۔ محکمہ ٹریفک نے یہ وضاحت بھی کی ہے کہ اگر کوئی شخص ڈرائیونگ لائسنس کی میعاد ختم ہونے سے ایک سال قبل بھی اس کی تجدید کروا سکتا ہے۔ تاہم اس تجدید کا اطلاق ڈرائیونگ لائسنس پر درج تاریخ کے خاتمے کے بعد سے ہو گا۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.