دوسرا ٹی20: پاکستان کا ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹی 20 میچز کی سیریز کا دوسرا میچ کینبرا میں کھیلا جا رہا ہے۔ پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان نے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔ 
اس سے قبل تین نومبر کو دونوں ٹیموں کے درمیان سڈنی میں کھیلا گیا پہلا ٹی 20 میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔
پہلے ٹی 20 میچ میں آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی۔
بارش کے باعث 15 اوورز تک محددو ہونے والے میچ میں پاکستانی ٹیم نے پانچ کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے پر 107 رنز بنائے تھے، تاہم امپائرز نے ڈک ورتھ اینڈ لوئس میتھڈ کے تحت آسٹریلیا کو 119 رنز کا ہدف دیا تھا۔
آسٹریلیا نے 3.1 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 41 رنز بنائے تھے کہ ایک بار پھر بارش شروع ہونے کے باعث میچ کو روک دیا گیا۔
مسلسل بارش کے باعث امپائرز نے میچ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا۔
پاکستان کی ٹی 20 ٹیم بابر اعظم کی قیادت میں تین میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے آسٹریلیا میں موجود ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیاں  تیسرا اور آخری میچ آٹھ نومبر کو کھیلا جائے گا۔
ٹی 20 میچز کے لیے پاکستان کی 16 رکنی قومی ٹیم بابر اعظم (کپتان)، آصف علی، فخر زمان، حارث سہیل، افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق، خوش دل شاہ، محمد عامر، محمد حسنین، محمد عرفان، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، موسیٰ خان، شاداب خان، عثمان قادر اور وہاب ریاض شامل ہیں۔
ٹی 20 سیریز کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم ٹیسٹ کپتان اظہر علی کی قیادت میں آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ میچز بھی کھیلے گی۔
Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.