نیدرلینڈز کی ملکہ پاکستان آ رہی ہیں

مغربی یورپ کے خوب صورت ملک نیدرلینڈز کی ملکہ میکسیما نے پاکستان کے دورے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیدرلینڈز کی ملکہ میکسیما زوریٹا رواں ماہ پاکستان کا 3 روزہ دورہ کریں گی، ملکہ کا یہ دورہ 25 سے 27 نومبر تک ہوگا۔

ملکہ میکسیما دورے میں صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کریں گی۔ ملک کی دیگر اعلیٰ شخصیات سے بھی ملاقاتیں ہوں گی، جن میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کے فروغ پر خصوصی گفتگو کی جائے گی۔

یاد رہے کہ فروری 2016 میں بھی ملکہ میکسیما نے پاکستان کا تین روزہ دورہ کیا تھا، ملکہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی خصوصی وکیل برائے ترقی ہیں۔

واضح رہے کہ رواں برس اگست میں پاکستان میں کاروباری ماحول میں بہتری کے باعث نیدرلینڈز نے پٹرولیم اور ایل این جی کے شعبے میں سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا، ڈچ کمپنی رائل ووپاک کے وفد نے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد سے ملاقات میں پاکستان میں 2 ارب 80 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ پیش کیا۔

ڈچ کمپنی نے کیمیکل انڈسٹری میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے پر زور دیا تھا، خیال رہے کہ رائل ووپاک دنیا بھر میں تیل، کیمیکل، خوردنی تیل اور قدرتی گیس سے متعلق مصنوعات کو ذخیرہ کرنے اور سنبھالنے میں مہارت رکھتی ہے۔

دوسری طرف نیدرلینڈز میں انسانی حقوق کا مسئلہ بھی اٹھا ہے، اگست ہی میں ملک میں مسلمان خواتین کے برقعے پر پابندی کا متنازع قانون جبراً نافذ کر دیا گیا تھا، رپورٹس کے مطابق نیدرلینڈز میں مسلمان متعصبانہ رویے کا شکار ہو رہے ہیں۔

یکم اگست سے یہ قانون نافذ کیا گیا ہے کہ نیدرلینڈز میں جو بھی خاتون یا لڑکی نقاب یا برقع پہن کر اسکول، اسپتال یا کسی سرکاری دفتر میں جائے گی یا بسوں اور ٹرینوں وغیرہ میں سفر کرے گی تو اس پر بھاری جرمانہ ہوگا اور کسی قسم کی چھوٹ نہیں دی جائے گی۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.