قائد اعظم ٹرافی، سرفراز احمد پہلی سنچری بنانے میں کامیاب

 قائد اعظم ٹرافی 2019 میں سابق کپتان سرفراز احمد سیزن کی پہلی سنچری بنانے میں کامیاب ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق قائد اعظم ٹرافی میں سندھ کی قیادت کرنے والے سرفراز احمد نے سدرن پنجاب کے خلاف سنچری بنائی، سرفراز نے پانچ سال بعد فرسٹ کلاس کرکٹ میں سنچری اسکور کی ہے۔

سرفراز احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈومیسٹک کھیلنے کا مقصد فارم میں واپس آنا ہے، کوشش یہی کررہا تھا کہ بڑی اننگز کھیلوں اور اسی پلان پر عمل کیا۔

سرفراز کا کہنا تھا کہ امیدیں سب کی ہوتی ہیں کہ قومی ٹیم میں کم بیک ہوجائے، مستقبل کے خواب نہیں سجارہا پرفارمنس بہتر کرنے پر توجہ ہے، ڈومیسٹک سیزن میں مزید میچز کھیلتے ہوئے پرفارم کرنا چاہتا ہوں۔

فواد عالم کے حوالے سے سرفراز احمد نے کہا کہ فواد عالم نے عمدہ اننگز کھیلی ہے، پرفارمنس دکھاتے رہے تو ضرور قومی ٹیم میں آئیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں سرفراز نے کہا کہ اسٹیو اسمتھ اچھا کھلاڑی ہے اور وہ کم بیک کرسکتا ہے، یاسر شاہ ہمارا نمبر ون بولر ہے، ایڈیلیڈ کی کنڈیشنز اسے سپورٹ کریں گی۔

واضح رہے کہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں مجموعی طور پر سرفراز کی یہ 11ویں سنچری ہے اور وہ 155 فرسٹ کلاس میچ کھیل چکے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوینٹی سیریز میں کلین سوئپ شکست کے بعد سرفراز احمد کو تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے ہٹادیا تھا۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.