پاکستان میں آسٹریلوی کمپنیوں کی دلچسپی حوصلہ افزا بات ہے، ناصر شاہ

اوسی۔پاک بزنس اینڈ کلچرل فورم (Aussi- pak bussiness and Cultural forum) کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں تاجروں اور سفاتکاروں کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر اطلاعات ناصرحسین شاہ تھے جبکہ تقریب میں کمشنر کراچی افتخار شالوانی، ممتاز بزنس مین واثق نعیم، مرزا اختیار بیگ، میاں زاہدحسین، فیشن ڈیزائنر ندیم مازجی، مسلم لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی، آباد کے چیئرمین محسن شیخانی، سمیر شمسی، رافع خان، سید حمزہ منہاج اور دیگر نے شرکت کی۔

 اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ناصرحسین شاہ نے کہا کہ پاکستان ایک تیزی سے بڑھتی ہوئی معیشت ہے، ملک اس وقت معاشی طور پر مشکلات سے گزر رہا ہے تاہم یہ مشکلات جلد دور ہوجائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آسٹریلوی کمپنیوں کی دلچسپی ایک نہایت خوشگوار عمل ہے جو اس بات کی غماز ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں تیزی سے بہتری آرہی ہے۔

او سی۔پاک بزنس اینڈ کلچرل فورم کے صدر محمود خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فورم کے قیام کا مقصد پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری دعوت پر آسٹریلیا کی ممتاز کمپنی کے جی اے گلوبل کے ایک وفد نے پاکستان کا دورہ بھی کیا۔

دورے کے دوران آسٹریلوی وفد نے پاکستان میں اپنے دفتر کے قیام کا بھی اعلان کیا۔

تقریب سے کے جی اے گلوبل کے چیف ایگزیکیٹو شمبھوکاڈل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک بڑی مارکیٹ ہے جبکہ آسٹریلیا نے بھی اپنے دروازے پاکستانی عوام کے لیے کھول دیئے ہیں، ہمارے اس دورے سے آئندہ آنے والے دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.