کثیرالملکی بحری مشق امن جاری : چیف آف دی نیول اسٹاف کی وفود سے ملاقاتیں
کثیرالملکی بحری مشق امن کے دوسرے روز مختلف سرگرمیاں جاری رہیں، چیف آف دی نیول اسٹاف نے مختلف ممالک کے اعلیٰ افسران اور وفود سے ملاقاتیں کیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں کثیرالملکی بحری مشق امن کے دوسرے روز مختلف سرگرمیاں جاری رہیں،اس دوران مختلف ممالک کے اعلیٰ افسران اور وفود نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے ملاقاتیں کیں۔
نیول چیف سے ملاقات کرنے والوں میں کمانڈر زمبابوے نیشنل آرمی لیفٹیننٹ جنرل ایڈزی ابسلام تفازوا چنیوکا چمونیو، رومانیہ کے چیف آف نیول فورسز وائس ایڈمرل الیگزینڈرو مرسو پی ایچ ڈی، آذربائیجان کے چیف آف کوسٹ گارڈ اسٹیٹ بارڈر سروسز لیفٹیننٹ جنرل افگن تاغییو ویلی اور امریکی ریٹائرڈ ایڈمرل ولیم اے اوونز شامل تھے۔ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول دفاعی تعاون اور میری ٹائم سیکیورٹی کے مختلف پہلو زیر گفتگو آئے۔چیف آف دی نیول اسٹاف نے بحری مشق امن میں شرکت کرنے اور امن اور سیکیورٹی کے لئے مشترکہ کوششوں میں اضافے پر معززین کا شکریہ ادا کیا۔نیول چیف نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پیٹرول اور دیگر ممالک کے ساتھ مشترکہ/ دو طرفہ مصروفیات کے ذریعے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لئے پاکستان کی کاوشوں پر بھی روشنی ڈالی۔آنے والے معززین نے خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی کے لئے پاکستان کی کاوشوں اور امن مشق کے انعقاد کو سراہا۔اس کے علاوہ رائل سعودی نیول فورسز اور ترک بحریہ کے اعلیٰ افسران نے بھی وائس چیف آف نیول اسٹاف ،وائس ایڈمرل کلیم شوکت سے ملاقات کی۔امن مشق2019 میں شریک تمام ممالک کے نمائندگان نے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پاکستان نیوی ڈاکیارڈ میں یادگار شہداءپر پھول چڑھائے ۔
امن مشق19 کے حوالے سے” بدلتی ہوئی عالمی جغرافیائی سیاست- بحر ہند میں میری ٹائم ڈائنامکس پر غور و فکر” کے عنوان کے تحت نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف میری ٹائم افئیرز کے زیر اہتمام سہ روزہ انٹر نیشنل میری ٹائم کانفرنس کا بھی آج آغاز ہو گیا۔صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کانفرنس کے افتتاحی سیشن کے مہمان خصوصی تھے۔
مشق میں شریک ممالک کے افسران اور جوانوں کے مابین کھیل کے دوستانہ مقابلے بھی منعقد کیے گئے جن میں کرکٹ، باسکٹ بال اور شوٹنگ کے مقابلے شامل تھے۔
علاوہ ازیں کثیرالملکی بحری مشق امن 19 کے تحت پاک بحریہ کی اسپیشل آپریشنز فورسز نے پی این ایس قاسم منوڑہ میں ایک شاندار میری ٹائم کاﺅنٹر ٹیررازم ڈیمو بھی پیش کیا ۔ گورنر سندھ جناب عمران اسماعیل تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
میری ٹائم کاﺅنٹر ٹیررازم ڈیمو میری ٹائم دہشت گردی سے نمٹنے، اسپیشل آپریٹنگ پروسیجرز میں بہتری لانے ،باہمی پیشہ ورانہ تجربات سے سیکھنے اور مشق میں شریک تمام اسپیشل آپریشنز فورسز کے مابین مشترکہ آپریشنز کی صلاحیتوں میں اضافے کے لئے پاک بحریہ کی اسپیشل آپریشنز فورسز کی جانب سے عزم و ہمت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا بہترین مظاہرہ تھا۔
پاک بحریہ کے اثاثوں اور ان کی صلاحیتوں خصوصا اسپیشل فاسٹ بوٹس کے ذریعے ڈالفن منوورز، فاسٹ بوٹ ریکوری، ایڈوانس فائر آرم ڈرلز، پیر ا جمپس،کلیرنس آپریشنز،ہوور کرافٹس میں اسپیشل آپریشنز فورسز اور میرین پلاٹونز کے داخلے کے خصوصی مظاہرے، ہیلی کاپٹرز کے خصوصی مظاہرے اور فری فال جمپس بھی مظاہرے کا حصہ تھے۔
قبل ازیں بحری مشق امن19 کے شریک ممالک کے بینڈز نے ایک انٹرنیشنل بینڈ ڈسپلے بھی پیش کیا جس کا مقصد تمام ممالک کو ان کی ثقافت کے ذریعے بھی ایک دوسرے کے قریب لانا تھا۔
سری لنکا، پاک آرمی، پاک بحریہ ،پاک فضائیہ اور پاکستان رینجرز کے بینڈز نے بھی روائتی اور ملٹری دھنیں پیش کیں۔ حاضرین نے ان مسحور کن دھنوں کو بہت پسند کیا اور خوب سراہا۔
مشق میں شریک بحری افواج کے اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد کے علاوہ مبصرین، غیر ملکی مندو بین اور اعلیٰ افسران نے بھی میری ٹائم کاﺅنٹر ٹیررازم ڈیمو اور بینڈ ڈسپلے کی تقریب میں شرکت کی۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.