اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس: پرامن بلوچستان کے لیے 20 کروڑ روپے گرانٹ کی منظوری

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پرامن بلوچستان کے لیے 20 کروڑ روپے کی گرانٹ کی منظوری دے دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت ہوا، رابطہ کمیٹی نے پیٹرولیم ڈویژن کے مرحوم ملازمین کے خاندانوں کے لیے مین 4 کروڑ 60 لاکھ روپے گرانٹ کی منظوری دے دی۔

اجلاس میں پرامن بلوچستان کے لیے فنانس منسٹری کی سمری کی منظوری بھی دی گئی۔ پرامن بلوچستان کے لیے 20 کروڑ روپے کی گرانٹ کی سمری دی گئی تھی۔

اقتصادی کمیٹی نے فنانس ڈویژن کی سپلیمنٹری گرانٹ کے فوری اجرا کی منظوری بھی دے دی۔ اجلاس میں وزارت نجکاری کے لیے 1 کروڑ 14 لاکھ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں قومی ایئر لائن کی معاونت سمیت گوادر پورٹ اور گوادر فری زون کے لیے ضروری ترامیم پیش کی گئی تھیں۔

گزشتہ اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات مارکیٹنگ لائسنس کے اجرا کے لیے نئے قواعد وضوابط کے حوالے سے سمری بھی پیش کی گئی جبکہ مائیک تروجابا آئل پائپ لائن منصوبے کا معاملہ زیر غور آیا تھا۔

دوسری جانب وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ حکومت ٹیکس کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کے لیے ٹیکس نظام میں آسانیاں پیدا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ بڑے لوگوں کو پکڑیں تو خود بہ خود پیغام پہنچ جائے گا، پیغام جائے گا تو جو ٹیکس نہیں دیتے وہ بھی دینا شروع ہو جائیں گے۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.