وزیراعلیٰ سندھ کا پی ایس ایل ٹیموں کے اعزاز میں عشائیہ
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ اور گذشتہ پی ایس ایل کا کامیاب انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے اور اس نے کامیابی کے ساتھ دہشت گردی پر قابو پایا ہے۔
انہوں نے یہ بات آج پی ایس ایل کی ٹیموں ، مالکان اور پی سی بی کے عہدیداروں بشمول چیئرمین پی سی بی کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
تقریب میں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری ، کور کمانڈر کراچی، لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز ، چیئرمین پی سی بی احسان مانی ، اے وی ایم چوہدری محمد احسن رفیق، کموڈور وائس ایڈمرل آصف خالد، صوبائی وزراء، اراکین صوبائی اسمبلی اور معززین نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ تمام پی ایس ایل کی ٹیموں اور دیگر مہمانِ گرامی کو خوش آمدید کہہ کر خوشی محسوس کررہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے حوالے سے تمام پاکستانیوں میں ایک جوش و جذبہ ہے۔
وزیراعلیٰ نے غیر ملکی کھلاڑیوں اور کوچز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ک کراچی میں آپ کی موجودگی اس شہر پر آپ کے اعتماد کا مضر ہے جوکہ روشنیوں کا شہر ہے اور اس شہر نے صرف پیار اور بھائی چارگی کا پرچار اور اسے فروغ دیا ہے ۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی کرکٹ کے دیوانوں کا شہر ہے اور اس وقت پی ایس ایل کا جنون اپنے عروج پر پہنچ چکا ہے اور آجکل ہم کھاتے پیتے اور سوتے جاگتے کرکٹ کے ساتھ ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ ایک کھیل ہے جوکہ سرحدیں پار کرچکا ہے، کرکٹ کی خوبصورتی یہ ہے کہ اسے پاکستان میں نوجوان اور عمر رسیدہ سب ہی پسند کرتے ہیں ۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گذشتہ سال انہوں نے پی سی بی سے کراچی میں ایک میچ کھیلنے کی اجازت دینے کی درخواست کی تھی،میچ کے انتظامات اور کرائوڈ نے ایسا ماحول پیدا کردیاتھا جس سے وہ ایک یادگار ایونٹ بن گیاتھا اور اس کے نتیجے میں اس سال پی سی بی نے کراچی میں 5 میچوں کے انعقاد کا فیصلہ کیا اور بالآخر کراچی کو تمام 8 میچوں بشمول فائنل کے انعقاد کے لیے منتخب کیاگیا۔
انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ ہماری گذشتہ سال کی سخت محنت اور کراچی کا کرکٹ کے لیے جنون کا نتیجہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے لاہور قلندر نے سیہون میں لعل شہباز قلندر کے دورے کے دوران انجوائے کیاہوگا، میں نے اُن سے بالخصوص ٹیم مینجمنٹ سے کہا کہ وہ دوبارہ سیہون کا دورہ کریں اور وہاں پر ٹیلنٹ ہنٹ کیمپ لگائیں۔
مراد علی شاہ نے پی ایس ایل کی دیگر ٹیموں پر بھی زور دیا کہ وہ سندھ کے دیہی علاقوں میں ٹیلنٹ ہنٹ شروع کریں، مجھے یقین ہے کہ ہمارے نوجوان آپ کو مایوس نہیں کریں گے اور یہاں پر بھی کتنے ہی وسیم اکرم ، شاہد آفریدی اور جاوید میاں داد موقع ملنے کے منتظر ہیں۔
چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے وزیراعلیٰ سندھ کا بھرپور تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعلیٰ سندھ انتظامات کے حوالے سے ذاتی دلچسپی نہ لیتے تو شہر میں پی ایس ایل کے ایونٹ کا انعقاد نہیں ہوسکتا تھا ۔
انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو یقین دلایا کہ پی سی بی کی ٹیمیں سندھ کے دیہی علاقوں میں ٹیلنٹ تلاش کریں گی ۔
اس موقع پر 38 غیر ملکیوں سمیت تمام کھلاڑیوں کو تحائف دیئے گئے۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.