جاپان کا پاکستان میں سرمایہ کاری کا اعلان

جاپان کی حکومت اور  معروف کمپنی مٹسوبشی نے  پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق حکومت کی سرمایہ کاری کے لیے مثبت پالیسیاں بار آور ثابت ہونے لگیں، وزیراعظم پاکستان سے ملاقات کے دوران جاپانی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کیمی ہائیڈ نے سرمایہ کاری کا اعلان کیا۔

ملاقات میں مٹسو بشی کے پاکستان میں تعینات کنٹری ہیڈ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور انرجی ٹاسک فورس کے سربراہ بھی شریک تھے۔ کیمی ہائیڈ نے وزیراعظم نے سرمایہ کاری کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔

ان کا کہنا تھا پاکستان میں سرمایہ کاری کا تجربہ انتہائی شاندار رہا،موجودہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے باعث جاپان کی حکومت نے پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم پاکستان نے جاپانی حکومت کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ جاپانی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کریں گے۔

یاد رہے کہ تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد دنیا کی نامور کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کا اعلان کیا، امریکا، روس، چین، قطر، سعودی عرب، ملائیشیا سمیت دیگر ممالک نے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب ناروے اور کوریا نے بھی پاکستان میں  بڑی سطح پر سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا جس پر تیزی سے کام جاری ہے جبکہ دو روز قبل وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اعلان کیا تھا کہ پاکستان اور یورپین یونین کے درمیان جلد تجارتی معاہدہ طے ہونے جارہا ہے، اسی طرح چین نے بھی حکومت کے ساتھ غربت مٹانے کے پروگرام کا معاہدہ طے کرلیا۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.