فلم ’پرواز ہے جنون‘ چینی سنیما گھروں کی زینت بنے گی
گزشتہ سال پاک فضائیہ کے موضوع پر بننے والی مقبول ترین فلم ’پرواز ہے جنون‘ سعودی عرب کے بعد چائنا بھر میں سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔
ڈوبتی پاکستان فلم انڈسٹری ایک بار پھر اپنی کامیابی کی جانب گامزن ہے جوکہ بہترین کہانی اور لاجواب اداکاری کی وجہ سے پاکستانی فلمیں نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر اپنا کھویا مقام حاصل کر رہی ہے یہی وجہ ہے کہ پاک چائنا ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ فورم کے معاہدے کے تحت پاکستانی فلم ’پرواز ہے جنون‘ چائنا بھر میں ریلیز کی جائے گی۔
حال ہی میں وزیر اعظم عمران خان کے مشیر معاشیات رزاق داؤد کی موجودگی میں فلم ’پرواز ہے جنون‘ کی پروڈیوسر مومنہ درید اور چائنا کے فائر انٹر نیشنل میڈیا کے درمیان معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت فلم ’پرواز ہے جنون‘ چائنا کے 50 ہزار سے زائد سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔
پاکستان کی اس کامیابی پر مومنہ درید کا کہنا ہے کہ پاکستان فلم انڈسٹری کے لیے یہ بڑا دن ہے کہ 40 برس بعد کوئی پاکستانی فلم چین کے سینما گھروں میں ریلیز ہوگی، فلم ’پرواز ہے جنون‘ چائنا میں دیگر فلموں کے لیے راہ ہموار کرے گی اور جس طرح فلم ’بن روئے‘ دنیا بھر میں ریلیز کی گئی اسی طرح نئی بننے والی فلمیں بھی دیگر ممالک کے ساتھ ساتھ اب چائنا بھر میں بھی ریلیز کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال ریلیز ہونے والی فلم ’پرواز ہے جنون‘ میں حمزہ علی عباسی، احد رضا میر، کبریٰ خان اور ہانیہ عامر نے مرکزی کردار ادا کیے تھے جب کہ یہ فلم 40 سال بعد چائنا میں ریلیز ہونے والی نہ صرف پہلی فلم ہے بلکہ سعودی عرب میں بھی ریلیز ہونے والی پہلی فلم ہے۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.