پاکستان ہائی کمیشن لندن میں سائرہ پیٹر کی شاندار پرفارمنس

برطانیہ میں کرسمس پارٹی اور یومِ ولادت قائداعظم کی تقریبات کا آغاز ہوگیا۔ اس سلسلے میں پاکستان ہائی کمیشن لندن میں شاندار تقریب اور پُر تکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔

تقریب میں پاکستانی نژاد برطانوی اوپیرا سنگر سائرہ پیٹر نے آواز کا جادو جگا کر محفل میں رنگ جمادیا۔

پاکستان ہائی کمیشن لندن میں منعقد شاندار تقریب اور پُر تکلف عشائیے میں یوکے کی کرسچن اور مسلم کمیونٹی کے راہنماؤں، برطانوی وزراء اور دیگر معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کی مہمان خصوصی بشپ آف لندن مسز سارہ ملالی تھیں۔ ہائی کمشنر نفیس زکریا نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر منعقدہ کنسرٹ میں سائرہ پیٹر نے کرسمس کے پنجابی، اردو اور انگریزی گانوں کے علاوہ ’اے قائد اعظم تیرا احسان ہے‘، صُوفیانہ کلام اور قلندری دھمال پیش کرکے محفل لوٹ لی۔ان کی پرفارمنس کے دوران حاضرین کی بڑی تعداد ’ونس مور‘ کے نعرے لگاتے رہے۔ تقریب میں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔ سائرہ پیٹر نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے اپنی گائیکی میں ہر طبقے اور ہر مکتبہ فکر کی عکاسی و ترجمانی کی ہے۔‘

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’قائد اعظم جیسے لیڈر اب پیدا نہیں ہوتے، حب الوطنی کے سچے جذبے کے ساتھ قومی نغمے گاتی ہوں۔ صُوفی موسیقی کا جنون کی حد تک شوق ہے۔‘

اُن کا مزید کہنا تھا کہ صوفیائے کرام نے اپنے دور کی ثقافتی، تہذیبی اور تمدنی زندگی اور ماحول کے فطری حُسن کو کچھ ایسے سلیقے سے نظم کیا کہ اس دور کا نقشہ آج ہماری نگاہوں کے سامنے سانس لیتا محسوس ہونے لگتا ہے۔ ہم باآسانی ان نظریات و اشعار کو فکر و نظم کی کسوٹی پر رکھ کر نظریہ حیات کی فہرست میں شامل کرسکتے ہیں۔

سائرہ پیٹر نے بتایا کہ ’میری گائیکی کا مقصد دنیا کو امن، انسانیت، محبت اور یکجہتی کا پیغام دینا ہے۔‘

بعد ازاں تمام مہمانوں کی خدمت میں پُر تکلف عشائیہ پیش کیا گیا۔ مہمان خصوصی بشپ آف لندن مسز سارہ ملالی نے سائرہ پیٹر کی گائیکی کی تعریف کی۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.