پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان سیریز غیر یقینی صورتحال کا شکار

 پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان سیریز غیر یقینی صورت حال کا شکار ہے، بنگلادیش کا پہلے ٹی20 سیریز کھیلنے پر اصرار ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ کرکٹ کو ترجیح قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بنگلادیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز سوالیہ نشان بن گیا، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز میں اب 3 ہفتے سے بھی کم دن باقی ہیں لیکن بنگلادیش کا دورہ پاکستان غیریقینی صورت حال سے دوچار ہے۔

بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن کا کہنا ہے کہ پی سی بی سے رابطے میں ہیں، درمیانی راستہ نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے، ٹی ٹوئنٹی پہلے کھیلیں گے، کھلاڑی اور آفیشلز مطمئن رہے تو ٹیسٹ سیریز پاکستان یا نیوٹرل وینیو پر کھیلنے کا فیصلہ ہوگا۔

پی سی بی نے بنگلادیش کو بھی سری لنکا کی طرح اسٹیٹ لیول سیکورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان کرکٹ محاذ پر جمی برف پگھلنے کا امکان پیدا ہو گیا ہے، احسان مانی بطور چیئرمین پی سی بی نہیں بلکہ آئی سی سی کمرشل اور فنانس ہیڈ کے طور پر بنگلادیش جارہے ہیں اور ان کے ہمراہ کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی کے چیف ایگزیکٹیو مانو ساہنی بھی ہوں گے۔

اس اہم دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ سیریز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.