ڈرامے’میرے پاس تم ہو’ کی کامیابی کے بعد خلیل الرحمان کا مداحوں کیلئے بڑا اعلان

اےآروائی ڈیجیٹل کےمقبول ترین ڈرامے’میرے پاس تم ہو’ کی تاریخ ساز کامیابی کے بعد مصنف خلیل الرحمان قمر نے ڈرامے کا سیکیوئیل بنانے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق نامور مصنف خلیل الرحمان قمر نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا آخری قسط میں مداحوں کے جذباتی منظر دیکھے، بھلا نہیں سکتا، میں کوشش کروں گا ، پھر ایسی کوئی شاندار چیز تخلیق ہوجائے اور اللہ ہماری مدد کرے کہ ایسا ہی کوئی شاہکار ڈرامہ بنانے میں کامیاب ہوجائیں۔

ایک سوال کے جواب میں خلیل الرحمان قمر نے کہا ویسے کبھی آج تک سیکیوئیل نہیں لکھا، لیکن ‘میرے پاس تم ہو’ کا سیکیوئیل آسکتا ہے۔

ڈرامے کی مقبولیت کے حوالے سے انھوں نے کہا ایسی عزتیں کم ہی ملتی ہیں اور یہ میرا پروردگار ہی کرسکتا ہے ، ہم نے صرف اتنا کیا تھا کہ پوری دیانت داری سے محنت کرڈالی تھی۔

ایک سوال کہ آپ کی نظر میں حیا کی تعریف کیا ہے،اور مہوش کا کردار کیا سوچ کر لکھا تو خلیل الرحمان قمر کا کہنا تھا کہ عورت کی حیا ایک تالا ہے ، جو صرف ایک چابی سے کھلتا ہے اور جب کوئی تالا ایک سے زیادہ چابیوں سے کھلنے لگے تو ہم اسے گھر سے باہر اٹھا کر پھینک دیتے ہیں، یہ ہیں میری نظر میں حیا کی تعریف ۔

انھوں نے مردوں کی حیا کے حوالے سے کہا کہ حیا مرد عورت سے ہی سیکھتا ہے، عورت ہی حیا کا منبع ہیں ، ہم تو صرف سیکھنے والے ہیں ، جتنی حیا کی شرط عورت پر لاگو ہے ، تو میرا ایمان ہے اتنی ہی شرط مرد پر بھی لاگو ہوتی ہے۔

ڈرامے کی کامیابی کے حوالے سے خلیل الرحمان کا کہنا تھا کہ میں اتنا خوش تھا کہ مجھے اس خوشی سے ڈر لگ رہاتھا ، اللہ ہم پر مہربانی کرے ہم پھر اس طرح کا کام کرے اور اللہ اسے کارنامہ بنادے۔

پاکستانی تاریخ کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل “میرے پاس تم ہو” دانش کے انتقال کے ساتھ ہی اختتام پذیر ہوا اور عوامی مقبولیت کے باعث ’میرے پاس تم ہو‘ کی آخری قسط ملک بھر کے بڑے سنیما گھروں کی زینت بنا۔

آخری قسط نشر ہوتے ہی سوشل میڈیا پر دھوم مچ گئی، چند منٹوں میں ہی ڈرامے کی آخری قسط کا ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا اور لمحوں میں ہزاروں ٹوئٹس کی گئیں۔

واضح رہے اے آر وائی ڈیجیٹل کا شاہکار میرے پاس تم ہو اپنے منفرد موضوع اور ڈائیلاگز کی وجہ سے عوام میں مقبولیت کا حامل ہوا، عائزہ خان، حرا مانی، ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی کی جاندار اداکاری نے ڈرامے کو چار چاند لگادئیے تھے۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.