امریکا کی پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں دل چسپی
امریکا کی جانب سے پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں دل چسپی کا اظہار کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر امریکی محکمہ تجارت کے کمرشل چیف ناتھن سیفرٹ نے کہا کہ امریکی کمپنیوں کو پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری و شراکت داری کی طرف راغب کرنا ان کی اوّلین ترجیح ہے۔
ناتھن سیفرٹ نے امریکی صدر ٹرمپ اور وزیر اعظم عمران خان کے درمیان حالیہ ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی وزیر اعظم کے تیسرے دورہ امریکا کے موقع پر دو طرفہ تجارتی تعلقات پر دو بار غور کیا گیا جو دونوں رہنماؤں کے لیے انتہائی اہم ہے۔
کے سی سی آئی میں تاجروں سے خطاب میں انھوں نے کہا کہ امریکی کاروباری افراد پاکستان میں مواقع دیکھ رہے ہیں، میرے دورے کا مقصد امریکا اور پاکستان کے مابین تجارت کو بڑھانا ہے، پاکستان میں کاروبار کو آسان بنانے اور یہاں سازگار ماحول پر ہم خوش ہیں، امریکا پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو معمول پر لانے کی کوشش کر رہا ہے اور ہم تجارت کو بڑھانے کے لیے اچھی پیش رفت کر رہے ہیں۔
کمرشل چیف ناتھن سیفرٹ نے کہا کہ پاکستان امریکا کو اعلیٰ معیار کی مصنوعات برآمد کر رہا ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارت ہر سال بڑھ رہی ہے، ہم پاکستانی مصنوعات کی امریکا کے لیے برآمدات میں بھی سہولت فراہم کر رہے ہیں لیکن ہمارے کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں قائم دفاتر کی زیادہ توجہ امریکی کمپنیوں کو یہاں لانے پر ہے اور انھیں صحیح شراکت دار تلاش کرنے میں مدد فراہم کرنے پر ہے جو تقسیم کار شراکت دار یا مشترکہ شراکت دار ہو سکتے ہیں۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.