پاکستانی وکیل کیلئے انٹرنیشنل ویمن آف کریج ایوارڈ
امریکا نے پاکستانی وکیل جلیلہ حیدر سمیت دنیا بھر کی 12 خواتین کو انٹرنیشنل ویمن آف کریج ایوارڈ دیا ، امریکی وزیر خارجہ مائیک پامپیو نے تقریب کی میزبانی کی اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے خطاب کیا۔
اس سال باہمت خواتین کا عالمی ایوارڈ حاصل کرنے والی خواتین میں بلوچستان کی ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والی پہلی خاتون وکیل جلیلہ حیدر بھی شامل ہیں، جلیلہ حیدر نے خواتین اور خطرات کا شکار لوگوں کے حقوق کے لیے کام کیا۔
پاکستانی وکیل کے علاوہ باہمت خواتین کا عالمی ایوارڈ حاصل کرنے والی افغان خاتون ظریفہ غفاری ہیں جو 2019 میں افغانستان کے میدان شہر سے مئیر منتخب ہوئیں۔
انہوں نے طالبان کی دھمکیوں اور ناقدین کی مخالفت کے باوجود کچرے کے خاتمے کے لئے ’کلین سٹی، گرین سٹی‘ مہم کا آغاز کیا۔
امریکی محکمہ خارجہ نے دنیا بھر سے 12 خواتین کو انٹرنیشنل ویمن آف کریج ایوارڈز دینے کا اعلان کیا تھا، یہ ایوارڈ غیر معمولی ہمت، قائدانہ صلاحیت، امن، انصاف اور انسانی حقوق کے لیے خدمات پر دیا جاتا ہے۔
انٹرنیشنل ویمن آف کریج ایوارڈز کے حوالے سے امریکا کی نائب معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز کا کہنا ہے کہ پوری دنیا خواتین کا عالمی دن ایسی باہمت خواتین کے لیے مناتی ہے جنہوں نے اپنی برادریوں کو بہتر بنانے کے لئے کام کرتے ہوئے ہمت اور اپنی قائدانہ صلاحیتوں کا اظہار کیا۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.