اداکاری نہیں چھوڑی ، بریک لیا ہے: حمزہ عباسی

اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری سے عارضی کنارہ کشی اختیار کرنے والے حمزہ علی عباسی کا کہنا ہے کہ انہوں نے اداکاری کو خیر باد نہیں کہا بس وقفہ لیا ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر حمزہ علی عباسی کی ایک مداح کا کہنا تھا کہ کاش کہ حمزہ علی عباسی اداکاری سے کنارہ کشی اختیار نہ کرتے ۔

حمزہ علی عباسی نے اس ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’جیسا کہ میں اپنی ویڈیو میں بھی کہہ چکا ہوں کہ میں اداکاری سے کنارہ کشی اختیار نہیں کررہا کیونکہ اسلام میں اداکاری کے حرام ہونے سے متعلق کوئی بات نظر نہیں آتی۔‘

انہوں نے بتایا کہ مذہب کو زیادہ سے زیادہ وقت دینے کے لیے اداکاری سے لمبا وقفہ لیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی لکھا کہ وہ ایسےپروجیکٹس میں اداکاری بھی کریں گے جو اللہ کی طرف سے انسانو ں کے لیے طے کردہ حدود کو مدنظر رکھتے ہوئے بنائے جائیں گے۔

حمزہ علی عباسی کی آنے والی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ ‘ ہے جو سال 1979 میں ریلیز ہونے والی مولاجٹ کا سیکوئل ہے۔

جیو فلمز کے تحت دی لیجنڈ آف مولا جٹ عید الفطر کے موقع پر ملک کے تمام سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

حمزہ اس فلم میں نوری نتھ کے روپ میں نظر آئیں گے جب کہ ان کے ساتھی اداکاروں میں فواد خان اور ماہرہ خان شامل ہیں۔

جیو انٹرٹینمنٹ پر آج کل نشر کیے جانے والے ڈرامہ سیریل ’الف‘ میں بھی حمزہ علی عباسی  ’قلب مومن‘ کا مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کے مداحوں کو بھی ان کا یہ کردار بے حد پسند آ رہا ہے۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.