ہالی ووڈ کا سب سے بڑا ایونٹ کرونا وائرس سے متاثر
امریکا میں ہر سال منعقد ہونے والے ہالی ووڈ انڈسٹری کے اہم ترین شو کو کرونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر ملتوی کردیا گیا۔
امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق میٹ گالا کی تقریب کا انعقاد چار مئی کو ہونا تھا مگر اب منتظمین نے کرونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر میگا ایونٹ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
امریکا میں ہر سال ہی میٹ گالا کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں نامور ماڈلز اور اداکار شرکت کرتے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق منتظمین کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ فی الوقت تقریب کو ملتوی کیا جارہا ہے، جلد ہی نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ میٹ گالا کا ایونٹ ہر سال ایک خیالیے (تھیم) کے تحت کیا جاتا ہے، رواں سال فیشن کی تھیم کا نام ’about time fashion and duration‘ تھا۔
واضح رہے کہ امریکا میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر حکومت نے شہروں کو لاک ڈاؤن کرنے کا حکم جاری کیا اورہر قسم کے عوامی اجتماعات پر مکمل پابندی عائد کردی۔
حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں، تفریحی مقامات کو بھی بند کردیا گیا جبکہ طب کے شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ دیگر کو بھی گھروں پر ہی محصور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کرونا وائرس سے اب تک دنیا بھر میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 7 ہزار 499 تک پہنچ چکی ہے جبکہ نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مریضوں کی تعداد میں اضافہ بھی ہوا۔ مجموعی طور پر دنیا بھر میں کرونا کے 1 لاکھ 88 ہزار 298 کیسز رپورٹ ہوچکے جن میں سے 80 ہزار 848 صحت یاب بھی ہوئے۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.