ایمرجنگ مارکیٹ میں پاکستان کی درجہ بندی برقرار

مورگن اسٹینلے کیپیٹل انڈیکس کا ششماہی جائزہ جاری کر دیا گیا جس کے مطابق ایمرجنگ مارکیٹ میں پاکستان نے اپنی درجہ بندی برقرار رکھی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایم ایس سی آئی گلوبل انڈیکس میں پاکستان کے لیے کوئی رد و بدل نہیں ہوئی، ابھرتی ہوئی مارکیٹ میں پاکستان کی درجہ بندی برقرار رہی، تاہم ایم ایس سی آئی اسمال کیپ انڈیکس میں سے 3 پاکستانی کمپنیوں کو نکال دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کی کسی اور کمپنی کو ایم ایس سی آئی انڈیکس میں شامل نہیں کیا گیا، اسمال کیپ انڈیکس میں سے میاں منشا کی کمپنی ڈی جی خان سیمنٹ کو نکالا گیا ہے، دیگر کمپنیوں میں کوٹ ادو پاور کمپنی اور تھل لمیٹڈ شامل ہیں۔

مورگن اسٹینلے کیپیٹل انڈیکس کے ششماہی جائزے کے مطابق ایم ایس سی آئی کے مین انڈیکس میں 3 پاکستانی کمپنیاں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ایک ہفتے کے دوران ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 42 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے جب کہ کمرشل بینکوں کے ذخائر میں ڈیڑھ کروڑ ڈالر کی کمی واقع ہوئی ہے۔

گزشتہ روز اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران زرمبادلہ ذخائر میں 42 کروڑ ڈالرکا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے ساتھ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 15 ارب 51 کروڑ ڈالر ہوگیا ہے۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.