” خلیج نیوم“ میں تعمیراتی کام جلد شروع ہوگا۔ 2019ءکے اختتام تک اس کے اہم ادارے تیار ہوجائیں گے۔ نیوم کا موجودہ ہوائی اڈہ کمرشل ایئرپورٹ میں تبدیل ہوجائے گا۔ خلیج نیوم کا پہلا مرحلہ 2020 ءمیں مکمل ہوجائے گا۔ ولیعہد ، نائب وزیراعظم و وزیردفاع و سربراہ پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی زیر صدارت بدھ کو ریاض میں تاسیسی کونسل کا ا جلاس ہوا۔ کونسل نے خلیج نیوم ماسٹر پلان کے اسٹراٹیجک تصور کی منظوری دے دی۔ یہ نیوم میں آباد کیا جانے والا پہلا علاقہ ہوگا۔ نیوم کے ایگزیکٹیو چیئرمین نظمی النصر نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ 2019ء نیوم کے سفر میں اہم موڑ ثابت ہوگا۔ خلیج نیوم کے علاقے میں تعمیراتی کام کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ یہاں دنیا بھر کے اعلیٰ ذہن اہم اقتصادی شعبے قائم کرنے کیلئے آئیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ خلیج نیوم کو جدید خطوط پر استوار کرنے والی حکمت عملی 4 نکاتی ہے۔ یہاں مثالی خاندانی زندگی مہیا ہوگی۔ یہاں معیاری طرز معاشرت فراہم کیا جائے گا۔ یہاں سیاحتی اور تفریحی نظام قائم ہوگا۔ علاوہ ازیں نیوم کے اقتصادی اہداف کی تکمیل کیلئے تخلیقی مراکز اور جدت طرازی کے سرپرست سینٹرز کھولے جائیں گے۔ خلیج نیوم منصوبہ پرکشش ساحلوں پر قائم ہوگا۔ یہاں معتدل آب و ہوا کا راج ہے۔ پبلک انویسٹمنٹ فنڈ یہاں 500 ارب ڈالر سے زیادہ کے سرمائے سے مختلف منصوبے نافذ کرائے گا۔ ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کار وں کو موقع دیا جائے گا۔ یہ ماحول دوست منصوبہ ہوگا۔ یہاں بجلی تجدد پذیر ذرائع سے پیدا ہوگی۔ سمندری پانی کو استعمال کے قابل بنانے والا منصوبہ بھی اسی نوعیت کا ہوگا۔ خطے کی منفرد ماحولیاتی خصوصیات کا تحفظ کیا جائے گا۔