’ملک ریاض کی بیٹیوں کے خلاف مزید کارروائی نہیں کرنا چاہتی‘

اداکارہ اور ماڈل عظمیٰ خان اور ان کی بہن ہما خان نے پاکستان کی معروف کاروباری شخصیت ملک ریاض کی بیٹیوں کے خلاف مبینہ تشدد کا مقدمہ واپس لے لیا ہے۔
لاہور کی کینٹ کچہری میں اداکارہ عظمیٰ خان کی بہن نے ملک ریاض کی بیٹیوں کے حق میں بیان دیتے ہوئے مقدمہ واپس لے لیا ہے۔
واضح رہے کہ 22 مئی کو عظمیٰ خان پر مبینہ تشدد کرنے کا واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا جس کے بعد عظمیٰ خان کی درخواست پر تھانہ ڈیفنس کی پولیس نے آمنہ ملک، پیشینہ ملک اور عنبر ملک کے علاوہ 15 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔
عظمیٰ خان کی بہن ہما خان نے لاہور میں کینٹ کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نعمان ناصر کے روبرو ضابطہ فوجداری کی دفعہ 164 کے تحت اپنا بیان قلمبند کروایا جس میں مزید کارروائی نہ کرنے کا کہا گیا ہے۔
ہما خان نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک ریاض کی بیٹیوں کے خلاف مقدمہ غلط فہمی کی بنیاد پر درج کروایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ ملک ریاض کی بیٹیوں کے خلاف درج کروائے گئے مقدمے میں کوئی گواہی یا شہادت پیش نہیں کرنا چاہتیں۔
ہما خان نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ مقدمے میں تاحال کوئی چالان نہیں آیا اس لیے مزید کارروائی نہیں کرنا چاہتی۔
قبل ازیں اداکارہ عظمیٰ خان کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ملزمان نے اُن پر تشدد کیا، گھریلو سامان کی توڑ پھوڑ کی، جان سے مارنے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور ایک نامعلوم گارڈ کو ان کے ساتھ زیادتی کرنے کو کہا۔
تاہم منگل کو عدالت میں دیے گئے اپنے بیان میں ہما خان نے کہا ہے کہ انہیں میز کا شیشہ گرنے کی وجہ سے چوٹیں آئیں۔
اداکارہ نے دعویٰ کیا تھا کہ ملزمان ان کے گھر سے جاتے ہوئے تقریباً 50 لاکھ مالیت کا سامان بھی لے گئے تھے اور دھمکی دی تھی کہ ‘ہم ملک ریاض کی بیٹیاں ہیں، ہم تمہارا خاندان مار دیں گی، اور اگر کسی کو اس واقع کے بارے میں بتایا تو تم دونوں کو لاشیں بھی نہیں پہچانی جائیں گی۔’
Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.