پاکستان کے وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں ایک دن میں کورونا کے 73 کیسز سامنے آئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کے مطابق کیسز گذشتہ دو ماہ کے دوران ایک دن میں سامنے آنے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔
اس سے قبل اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر زعیم ضیا نے اسلام آباد میں بڑھتے ہوئے کیسز کے حوالے سے ٹویٹ کیا تھا کہ اسلام آباد میں ایک دن میں ستر سے زیادہ افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کی غرض سے سکولوں سے لیے گئے نمونوں کی بنیاد پر ٹریسنگ کی جارہی ہے۔ زعیم ضیا کے مطابق شہریوں کی نقل و حرکت کورونا کیسز میں اضافے کا باعث بنا ہے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر زعیم ضیا نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’ہم کوشش کر رہے ہیں کہ لوگ ایس و پیز پر عمل درآمد کریں ورنہ ہم ایسے ریستوران اور دفاتر سیل کر دیں گے جہاں دو سے زائد کورونا کیسز سامنے آئیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سب سے زیادہ پریشانی کی بات یہ ہے کہ اسلام آباد میں کورونا کیسز کی شرح بڑھ گئی ہے، پہلے ایک سو ٹیسٹ میں سے اعشاریہ ایک فیصد کیسز مثبت آتے تھے، اب سو میں دو اعشاریہ ایک فیصد کیسز مثبت آ رہے ہیں۔‘
خیال رہے پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کے تین لاکھ 10 ہزار 275 کیسز سامنے آچکے ہیں۔ ملک میں اس وبا کے باعث چھ ہزار 457 اموات ہوچکی ہے۔
پاکستان میں اب تک کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد دو لاکھ 95 ہزار 613 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
پاکستان میں کورونا وائرس کی ویکیسن کے تیسرے مرحلے کے ٹرائل کا حال ہی میں آغاز ہوا تھا۔
وزیر منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے ٹوئٹر پر کہا تھا کہ ’ ابھی ابھی ویکیسن کے فیز تھری کے ٹرائل کا افتتاح کیا۔‘
تبصرے بند ہیں.