عدالت نے ایف آئی اے کو شہباز شریف خاندان کی العریبیہ شوگر ملز کیخلاف کارروائی سے روک دیا

 لاہور ہائی کورٹ نے ایف آئی اے کو شہباز شریف خاندان کی العریبیہ شوگر ملز کیخلاف کارروائی سے روک دیا اور وفاقی حکومت سے 18 ستمبر کو جواب طلب کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے العریبیہ شوگر ملز کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ وفاقی حکومت نے چینی کی قلت پر 16 مارچ کو انکوائری کمیشن تشکیل دیا، العریبیہ شوگر ملز پر کارپوریٹ فراڈ کا بے بنیاد الزام عائد کیا گیا۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ شوگر ملز کی طرف سے ایک ارب روپے سے زائد شریف فیڈ ملز اور شریف ڈیری فارمز کو منتقل کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا، شوگر ملز کیخلاف تحقیقات 90 روز میں مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

درخواست میں کہا گیا وفاقی کابینہ نے العریبیہ شوگر ملز کیخلاف انکوائری کرنے کا غیر قانونی حکم دیا، جے آئی ٹی کی جانب سے العریبیہ شوگر ملز سے ریکارڈ طلبی کے نوٹس غیر قانونی ہیں۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ العریبیہ شوگر ملز کیخلاف وفاقی حکومت کے انکوائری کے احکامات کو غیر قانونی قرار دے کر کالعدم کیا جائے۔ طلبی کے نوٹسز معطل اور ہراساں کرنے سے روکا جائے۔

عدالت نے ایف آئی اے کو شہباز شریف خاندان کی العریبیہ شوگر ملز کیخلاف کارروائی سے روکتے ہوئے وفاقی حکومت سے 18 ستمبر کو جواب طلب کر لیا۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.