اوورسیز پاکستانیوں کو بینک اکاؤنٹ کی تصدیق کے لیے آن لائن سہولت

سٹیٹ بینک آف پاکستان نے بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے بینک اکاؤنٹ کی تصدیق کروانے کے لیے آن لائن دستاویزات جمع کرانے کی سہولت فراہم کی ہے جبکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے بینک اکاونٹ بائیو میٹرک کی تصدیق کے بغیر ہی فعال کر دیے جائیں گے۔
وزارت سمندر پار پاکستانیز کی جانب سے روشن ڈیجیٹل بینک اکاونٹس کے اعلان کے بعد سٹیٹ بینک آف پاکستان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے  بینک اکاونٹ کھلوانے کا جو طریقہ کار بتایا ہے اس کے مطابق کوئی بھی پاکستانی خواہ وہ دنیا کے کسی بھی ملک میں مقیم ہو گھر بیٹھے اپنا اکاونٹ کھلوا سکتا ہے۔
یہ بینک اکاؤنٹ پاکستانی روپے یا کسی بھی غیر ملکی کرنسی یا پھر بیک وقت دونوں کرنسیز کے ساتھ کھولے جا سکتے ہیں۔ دونوں کرنسیوں کے ایک ساتھ کھولنے کی صورت میں کرنسی رئیل ٹائم ریٹ کے ساتھ تبدیل کی جائے گی۔
اس سلسلے میں سٹیٹ بینک نے اپنی ویب سائٹ پر ایک لنک دیا ہے جس میں تمام بینکوں کے بینک اکاونٹ اوپننگ کے فارمز موجود ہیں۔ ان فارمز کو پُر کرنے کے ساتھ ساتھ آن لائن دستاویز اور تصاویر بھی اپ لوڈ کرنے کی سہولت دستیاب ہے۔ فارم پُر کرنے اور دستاویزات بھیجنے کے 48 گھنٹے کے بعد اکاونٹ فعال کر دیا جائے گا۔
اس سلسلے میں سٹیٹ بینک نے اس حوالے سے تمام بینکوں کو ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے متبادل نظام کے تحت بیرون ملک مقیم افراد اپنے متعلقہ بینک سے بذریعہ ای میل یاعام ڈاک رابطہ کر کے اپنی شناختی دستاویزات (پاسپورٹ، ویزا، شناختی کارڈ) فراہم کرسکیں گے۔
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بائیو میٹرک تصدیق سے استثنیٰ دیا گیا ہے اور آن لائن فراہم کی گئی دستاویزات کو بائیومیٹرک تصدیق کے متبادل کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ اکاؤنٹ کی تصدیق کے بعد بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے بینک اکاونٹ کو بنا کسی روک ٹوک استعمال کرسکیں گے۔
سٹیٹ بینک نے تصدیق کی شرائط اور ضابطہ کار بھی واضح کیا ہے جس کے تحت بینک اکاؤنٹ ہولڈرز کو تین درجات میں تقسیم کیا گیا ہے اس میں غیر مقیم پاکستانی، عارضی طور پر باہر مقیم پاکستانی اور مشترکہ اکاؤنٹ ہولڈرز شامل ہیں۔
ڈائریکٹر سٹیٹ بینک محمد اختر جاوید کے مطابق غیر مقیم پاکستانیوں کو بینک اکاؤنٹ کی تصدیق کے لیے درکار دستاویزات بھجوانا ہوں گی۔
1۔ اکاونٹ ہولڈر کےغیر مقیم پاکستانی ہونے کی تصدیق بذریعہ موثر پاسپورٹ، ویزا، رہائشی پرمٹ یا دیگر مصدقہ دستاویزات۔
2۔ شناختی کارڈ یا نائکوپ کی کاپی
3۔ بینک کا اکاؤنٹ نمبر
4۔ رہائشی سٹیٹس تبدیل ہونے کی صورت میں بینک کو مطلع کرنے کا تصدیق نامہ
بیان میں کہا گیا کہ فراہم کردہ معلومات کو متعلقہ بینک نادرا کے ذریعے اس کی تصدیق کرے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ وہ تمام افراد جو بیرون ملک مقیم پاکستانی تو نہیں مگر عارضی طور پر ملک سے باہر رہائش پذیر ہیں انہیں ملک میں نہ ہونے کا قابل قبول ثبوت فراہم کرنا ہوگا۔
معلومات کی فراہمی کے بعد متعلقہ بینک نادرا کے سسٹم کے ذریعے تصدیق کا عمل مکمل کرے گا جو بائیو میٹرک تصدیق کے متبادل ہوگا۔
واضح رہے کہ متبادل تصدیق کا یہ عمل صرف اس وقت تک قابلِ ععمل ہوگا جب تک اکاونٹ ہولڈر ملک سے باہر ہے۔ ملک واپسی کی صورت میں فوری طور پر بائیو میٹرک تصدیق کروانا ہوگی۔
مشترکہ اکاؤنٹ کی صورت میں پاکستان میں مقیم شہری کی بائیو میٹرک تصدیق کی جائے گی جبکہ ملک سے باہر مقیم شہری کی رہائشی صورت کو مدنظر رکھتے ہوئے متبادل تصدیق کی جائے گی۔
یاد رہے کہ سٹیٹ بینک کی جانب سے اینٹی منی لانڈرنگ اور کاؤنٹر فائنانسنگ آف ٹیررازم کے سلسلے میں اقدامات کے تحت پاکستان کے اندر تمام بینک اکاؤنٹس کی بائیو میٹرک تصدیق لازم قرار دی گئی ہے۔ تصدیق نہ کروانے کی صورت میں اکاؤنٹ معطل بھی کیے گئے۔
Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.