پاکستانی فنکاروں نے بھارتی انڈسٹری کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا
پاکستانی فنکاروں نے بھارتی جنگی جنون کے بعد انڈین فلم انڈسٹری کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا، اداکارہ میرا کا کہنا تھا کہ میں آئندہ کسی بھارتی فلم میں کام نہیں کروں گی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور پریس کلب کلچر کمیٹی کے زیر اہتمام بھارتی جنگی جنون اور پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی سے متعلق سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے شرکت کی۔
اس موقع پر پاکستانی گلوکارہ نے پاکستان کا مطلب کیا نعرہ لگا کر بھارت کو جواب دیا جبکہ نامور گلوکار وارث بیگ نے بھی نغمہ گن گنا کر وطن سے محبت کا اظہار کیا۔
نامور پاکستانی اداکارہ ریما نے کہا کہ ہماری یہی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے عمل، کردار،گفتگو ، لباس اور اپنے کام سے ملک و قوم کے لیے عزت کا باعث بنیں۔ پاکستانی اداکارہ میرا نے اعلان کیا کہ وہ آئندہ کسی بھی بھارتی فلم میں کام نہیں کریں گی۔
پنجاب کے وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان میزائل پروگرام رکھتا ہے، ہم نے ایٹم بم شبِ برات پر چلانے کے لیے نہیں بلکہ مادرِ وطن کے دفاع کے لیے بنایا۔اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دفاع کے لیے ایٹم بم استعمال کرنے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ترنوالہ سمجھنے والی ہندوستانی قیادت یاد رکھے کہ وفاع وطن کیلئے بائیس کروڑ پاکستانی عوام ایک پیج پر ہیں۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.