کاروبار بڑھانے اور ملکی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے نمائشوں اور میلہ جات سے بہتر اور کوئی ذریعہ نہیں‘الماس حیدر

نمائشوں اور میلہ جات سے نئے کاروباری رابطے قائم ہوتے ہیں، مصنوعات کیلئے خریدار جبکہ ملک کو قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوتا ہے‘صدر لاہورچیمبر

 لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر نے کہا ہے کہ کاروبار بڑھانے اور ملکی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے نمائشوں اور میلہ جات سے بہتر اور کوئی ذریعہ نہیں، ان سے نئے کاروباری رابطے قائم ہوتے ہیں، مصنوعات کے لیے خریدار جبکہ ملک کو قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوتا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار گجرات چیمبر کی جانب سے منعقدہ ساتویں گیٹیکس نمائش 2019ء کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔گجرات چیمبر کے صدر عامر نعمان، سینئر نائب صدر فرحان اقبال، نائب صدر طارق سعید، سٹینڈنگ کمیٹی برائے نمائش کے چیئرمین حاجی عرفان یوسف اور لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصرنے بھی اس موقع پر خطاب کیاجبکہ ایگزیکٹو کمیٹی اراکین شہزاد اسلم اور ارشد خان کے ہمراہ ابراہیم قریشی، میاں مرغوب اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد اختتامی تقریب میں شریک تھی۔

نمائش میں آٹوپارٹس، فرنیچر، ٹیکسٹائل، فوم، چاول، برقی مصنوعات، انجینئرنگ، فوڈ چین اور دیگر سیکٹرز سے متعلق دو سو سے زائد سٹالز لگائے گئے تھے۔ الماس حیدر نے یہ اہم نمائش منعقد کرنے پر گجرات چیمبر کو سراہتے ہوئے کہا کہ جرمنی، فرانس اور دنیا کے بہت سے ممالک اس ٹول کا بہترین استعمال کرکے دنیا کے ہر کونے میں اپنی مصنوعات متعارف کروارہے ہیں۔انہوں نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ لاہور چیمبر بھی مستقل بنیادوں پر نمائشیں منعقد کررہا ہے جس میں دنیا بھر سے لوگ حصہ لیتے ہیں۔ گجرات چیمبر کے صدر عامر نعمان نے کہا کہ نمائشیں صرف مصنوعات کا معیار اور مقابلہ کرنے کی صلاحیت ہی نہیں بڑھاتیں بلکہ مینوفیکچرنگ سیکٹر کو بھی مزید بہتری کا موقع فراہم کرتی ہیں، اسی لیے گجرات چیمبر نمائشوں کے انعقاد پر توجہ دے رہا ہے۔ گجرات چیمبر کے سینئر نائب صدر فرحان اقبال، نائب صدر طارق سعید اور چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے نمائشیں عرفان یوسف نے گیٹیکس نمائش 2019ء کے اغراض و مقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.