سعودی ٹی وی پر پاکستانی ڈرامے نشر کیے جائیں گے

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ ثقافتی تعلقات بھی مضبوط کرنے کی کوشش کررہا ہے اور اسی لیےاب سعودی عرب میں بھی پاکستانی ڈرامے نشر کیے جائیں گے۔

وزیر اطلاعات فواد حسن چوہدری سعودی عرب کا 2 روزہ دورہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے۔ فواد چوہدری سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن محمد بن فرحان کی دعوت پرسعودی عرب میں وزارت ثقافت کی اجراءکی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے گئے تھے۔

 میڈیا رپورٹس کے مطابق فواد چوہدری اور سعودی وزیر ثقافت کے درمیان ملاقات میں دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات خصوصاً ثقافتی اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وطن واپسی پروزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ اُن کا ریاض کا دورہ خوشگواررہا، شہزادہ بدر بن عبداللہ بن محمد بن فرحان کی سربراہی میں  سعودیعرب کے وزارت ثقافت کی افتتاحی تقریب میں شرکت ایک اعزاز کی بات ہے۔

بعد ازاں وفاقی و زیر اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی وزیر ثقافت کا پاکستان سے گہرا تعلق ہے۔ دونوں ممالک کی نئی قیادت باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتی ہے۔

فواد چوہدری نےکہا کہ پاکستان کی ثقافت 5ہزار سال پرانی ہے، پاکستان کے ثقافتی ادارے اور پرفارمنگ آرٹس اکیڈمیز بہت مضبوط ہیںاور وہ سعودی اکیڈمیز کی مدد کریں گی۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے بنائی جانے والی اکیڈمیز میں رہنمائی کے لیے ہم نے اپنے فنکاروں کو بھیجنے کی پیشکش بھی کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ برس راحت فتح علی خان کا بہت بڑا کنسرٹ ہوا تھا اور اپریل میں ایک اور بہت بڑا میلہ سجنے والا ہے جس میں سعودی عرب میں موجود پاکستانیوں کو بہت کچھ دیکھنے کو ملے گا اور متعدد پاکستانی فنکار فن کا مظاہرہ کریں گے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستانی ڈراموں کے فروغ کے لیے سعودی حکام سے بات ہوئی ہے ،پاک سعودی کلچر کے فروغ میں  تعاون کریں گے اور جلد ہی پاکستانی ڈرامو ں کو عربی زبان میں ڈب کر کے سعودی ٹی وی پر نشر کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں گزشتہ برس خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دی گئی تھی، وہاں 35سال بعد سینما کھولے گئے تھےاور اسی سال  فلموں کی نمائش کی اجازت بھی دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ وہاں پہلی مرتبہ خواتین کے فیشن ویک کا بھی اہتمام کیا گیا اور سعودیہ عرب کی پہلی خاتون اسٹیج اداکارہ بھی سامنے آئیں۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.