اداکارہ ریما کو مسجدِ اقصیٰ کی زیارت نصیب، خصوصی عبادات

ستارہ امتیاز حاصل کرنے والی سپر اسٹار پاکستانی اداکارہ ریما خان نے شب معراج کے روز مسجد اقصیٰ کا دورہ کیا اور وہاں خصوصی عبادات بھی کیں، اُن کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

تفصیلات کے مطابق اداکارہ ریما اپنے خاوند ڈاکٹر طارق شہاب کے ہمراہ دو روز قبل خصوصی طور پر ’شبِ معراج‘ کی عبادات کے لیے مقبوضہ بیت المقدس پہنچیں اور انہوں نے مسجد اقصیٰ کا دورہ بھی کیا۔

اداکارہ نے قبلہ اوّل میں خصوصی عبادات بھی کیں اور شب معراج والے روز مسجد اقصیٰ کی زیارت پر اللہ کا شکر ادا بھی کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ’مسجد اقصیٰ مسلمانوں کے ساتھ ساتھ دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والوں کے لیے مقدس مقام ہے، شب معراج کے روز زیارت کی سعادت میری بہت بڑی خوش نصیبی ہے‘۔اداکارہ نے مقدس مقامات کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے واقعہ معراج بھی تحریر کیا۔ مداحوں کو اُن کی تصاویر بہت پسند آئیں اور انہوں نے مبارک باد دیتے ہوئے عبادات کی قبولیت کے لیے دعا بھی کی۔

یاد رہے کہ نوے کی دہائی میں پاکستان کی شوبز انڈسٹری میں مقبولیت حاصل کرنے والی اداکارہ ریما 16 نومبر 2011 کو امریکی ڈاکٹر شہاب طارق کے ساتھ ازدواجی بندھن میں بندھی تھیں جس کے بعد اُن کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی۔

اداکارہ ریمانے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1990میں کیا اور اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے 200سے زیادہ فلموں میں کام کیا۔ریمانے بہت سے لالی ووڈ فلموں میں بطور ڈائریکٹر بھی کام کیا۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.