امریکا میں تعینات پہلی خاتون سعودی سفیر نے عہدے کا حلف اٹھالیا

امریکا میں تعینات پہلی سعودی خاتون سفیر شہزادی ریما بنت بندر نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

تفصیلات کے مطابق سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے شاہی خاندان کی شہزادی ریما بنت بندر کو امریکا میں سفیر مقرر کیا اور آج انہوں نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔

عرب میڈیا کے مطابق شہزادی ریما بنت بندر کو امریکا میں تعینات شہزادہ خالد بن سلمان کی جگہ سفیر مقرر کیا گیا ہے، شہزادہ خالد بن سلمان سعودی عرب میں نائب وزیر دفاع مقرر ہوگئے ہیں۔

سعودی دارالحکومت ریاض میں حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی جہاں شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ریما بنت بندر سے حلف لیا۔

حلف برداری کی تقریب کے موقع پر آسٹریا، کیمرون اور قبرص میں مقرر کیے گئے سعودی عرب کے نئے سفیروں نے بھی شاہ سلمان کے روبرو اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔

سعودی عرب کی پہلی خاتون سفیر امریکا میں سعودی عرب کے سابق سفیر شہزادہ بندر بن سلطان کی بیٹی ہیں، ان کے والد امریکا میں 1983ء سے 2005ء تک سفیر رہے تھے۔

خیال رہے کہ شہزادی ریما 24 اکتوبر 1983 کو امریکا میں اپنے والد شہزادہ بندر بن سلطان کے ہمراہ واشنگٹن میں سعودی سفارت خانے میں داخل ہوئیں، شہزادی ریما کے والد نے 22 سال تک دونوں ملکوں کے اہم تاریخی ادوار میں سفارت کاری کے فرائض انجام دئیے۔

امریکا میں قیام کے دوران شہزادی ریما نے سفارتی آداب و رموز اپنے والد شہزادہ بندر سلطان سے سیکھے یہی وجہ ہے کہ انہوں نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں کامیابی کے ساتھ خدمات انجام دیں، ان کی جرأت ہمت اور سفارتی رموز سے آگاہی کی بنا پر امریکا جیسے طاقت ور ملک میں انہیں سفیر مقرر کیا گیا۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.