700 میگا واٹ پاور پراجیکٹ کیلیے کے الیکٹرک کا چین سے معاہدہ
کے الیکٹرک نے چین کے ریاستی ادارے چائنا مشینری انجینئرنگ کارپوریشن (CMEC) کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت پورٹ قاسم، کراچی میں700میگا واٹ کے جدید ترین آئی پی پی بیسڈپاور پراجیکٹ تعمیر کیا جائے گا۔
پراجیکٹ کا باضابطہ اعلان چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ہونے والے دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم ( 2nd Belt and Road Forum) کے ساتھ ہونے والے پاکستان ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ فورم میں کیا گیا۔ پراجیکٹ کا معاہدہ اور دیگر کانٹریکٹس پر کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مونس علوی اور سی ایم ای سی کے چیئرمین ژنگ چن نے مشیر برائے تجارت، ٹیکسٹائل، انڈسٹری، پروڈکشن اور سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤدکی موجودگی میں دستخط کیے۔
یہ پراجیکٹ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون میں سنگ میل ہے اور اس سے پاکستان کے معاشی حب کراچی کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت، ٹیکسٹائل، انڈسٹری، پروڈکشن اور سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد نے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ یہ مستقبل میں کی جانے والی مشترکہ کوششوں کی ایک کڑی ہے جس سے خطے میں خوشحالی آئے گی۔ میں تمام اسٹیک ہولڈرز سے پراجیکٹ کی جلد تکمیل کیلیے مل کر کام کرنے کی درخواست کرتا ہوں تاکہ کراچی اور پاکستان کو اس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل ہوسکے۔
سی ایم ای سی کے چیئرمین ژنگ چن نے کہاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ انھوں نے اس پراجیکٹ میں شراکت داری پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ کراچی کی بڑھتی ہوئی بجلی کی طلب کو پورا کرنے میں مدد گار ثابت ہوگا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مونس علوی نے کہاکہ یہ پراجیکٹ شہر کے پاور انفرااسٹرکچر کو مزید مستحکم بنانے کیلیے کے الیکٹرک کی جانب سے مستقل سرمایہ کاری کی ایک کڑی ہے۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.