شاہ سلمان نے سعودی عرب میں امریکی فوج کی تعیناتی کی اجازت دے دی
سعودی فرماں روا شاہ سلمان نے خطے میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر امریکی فوجی دستوں کی سعودی عرب میں تعیناتی کی اجازت دے دی۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے خلیجی ریاستوں کو درپیش سیکیورٹی خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے خطے کے تحفظ اور پائیدار امن کے لیے امریکی فوجیوں کی آمد اور تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔
سعودی عرب کی وزارت خارجہ کی جانب سے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ سے جاری بیان میں بھی کہا گیا ہے کہ سعودی عرب اور امریکا طویل عرصے سے قائم مستحکم تعلقات کو خطے میں جنگ کے خطرات سے نبرد آزما ہونے کے لیے استعمال کریں گے۔
امریکی افواج سعودی عرب میں پہلے بھی کئی بار تعینات رہی ہیں اور 2003 میں عراق جنگ ختم ہونے پر سعودی عرب سے روانہ ہوگئی تھیں۔ اس کے بعد سعودی عرب میں امریکی افواج کی تعیناتی کا اب یہ پہلا موقع ہوگا۔
دوسری جانب امریکی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی فوجی دستے، جنگی ساز و سامان اور وسائل سعودی عرب بھیجے جائیں گے جو مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خطرات اور امن دشمنوں کو مذموم اقدامات سے باز رکھیں گے تاکہ خطے کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.