بھارتی خاتون نے رواں سال کی معمر ترین عازم حج کا اعزاز حاصل کر لیا

بھارت سے حج کے لیے آنے والی عطار بی بی حسین بامار کی عمر101 برس بتائی جا رہی ہے

سعودی عرب میں حج کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ اس موقع پر دُنیا بھر سے لاکھوں عازمین بھی مکّہ اور مدینہ میں پہنچ چکے ہیں۔رواں حج سیزن کے دوران بھارت سے بھی ایک معمر خاتون یہاں آئی ہیں۔ جن کے بارے میں کہا جا رہاہے کہ وہ اس بار حج کی سعادت حاصل کرنے والی معمر ترین شخصیت ہوں گی۔ بھارت سے آنے والی بزرگ خاتون عطار بی بی حُسین بامار کی عمر اس وقت 101 برس ہے۔جب وہ حج کے سلسلے میں بھارت سے پہلے مدینہ منورہ پہنچی تو بھارتی سفارت خانے کے عہدے داروں اور سعودی حکام نے اُن کا شاندار استقبال کیا۔ عطار بی بی نے حج کی خاطرسعودی عرب پہنچنے کو اپنی زندگی کا یادگار لمحہ قرار دیا اور بتایا کہ اُن کا سفر بہت اچھا گزرا اور امیگریشن کی کارروائی میں بھی کسی دُشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

عطار بی بی نے مزید کہا کہ سعودی حکام معمر عازمین حج کا بہت خیال رکھتے ہیں اور اُن کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے۔واضح رہے کہ اس بار حج سیزن کے دوران بھارت کے ہی ایک شہری دلشاد اوراُس کی بیوی نے بھی ایک منفرد اعزاز حاصل کیا ہے۔ غازی آباد سے تعلق رکھنے والا دِلشاد جب اپنی بیوی کے ساتھ حج کے لیے روانہ ہوا تو اُس کی بیوی اُمید سے تھی۔ حج سے قبل وہ مدینہ منورہ میں مقیم تھے جب اُن کے ہاں مقامی ہسپتال میں ایک بچے کی پیدائش ہوئی۔ یوں اس بچے کو اس بار کے حج سیزن کے دوران کسی بھی عازمِ حج کے ہاں پیدا ہونے والے اولین بچے کا اعزاز حاصل ہو گیا۔والدین نے اس کا نام احمد رکھا ہے جبکہ مدینہ منورہ میں ولادت ہونے کے باعث مدنی بھی اس کے نام کا حصّہ بنایا گیا ہے۔ دلشاد کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بچے کو یہ سعادت حاصل ہونے پر بہت خوش ہے اوراُسے احمد المدینہ کہہ کر پُکارا کرے گا۔ اُسے اور اُ س کے خاندان کو فخر ہے کہ اُن کا بیٹا مدینہ منورہ میں پیدا ہوا۔ کیونکہ یہی اُس کی اور اُس کی بیوی کی خواہش تھی۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.