فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیراہتمام ساتویں ایچیومنٹ ایوارڈ کی تقریب 25 جولائی کو منعقد ہوگی
فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے زیراہتمام ساتویں ایچیومنٹ ایوارڈ کی تقریب 25 جولائی کو منعقد ہوگی جس میں قومی اقتصادیات کے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شخصیات اور اداروں کو ایوارڈ دیئے جائیں گے۔ ایوارڈ دینے کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہونے کا امکان ہے جہاں صدر مملکت نمایاں خدمات انجام دینے والی 40 شخصیات کو ایوارڈ دیں گے۔ایف پی سی سی آئی کے صدر دارو خان اچکزئی نے اتوار کو اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کو ہر سال یہ ایوارڈ انہیں قومی معیشت کے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر دیئے جاتے ہیں، ان میں برآمدات، سکل ڈویلپمنٹ، توانائی، مالیات، انڈسٹری، تعلیم، سرمایہ کاری، خواتین کو بااختیار بنانے، سیاحت اور میزبانی کے شعبے شامل ہیں۔
انہوں نے کہاکہ عوام اور بزنس کمیونٹی کے استفادہ کیلئے وسائل کی موثر منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ اسی طرح صنعت کاروں کو قابل عمل اور مفید منصوبوں کے ساتھ آگے آنا چاہئے تاکہ قومی معیشت کے استحکام میں وہ اپنا کردار ادا کر سکیں اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہو سکیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کا کارپوریٹ شعبہ قومی اثاثہ ہے جس نے مشکل وقت میں اپنے آپ کو برقرار رکھا ہوا ہے۔نجی شعبہ قومی معیشت کے فروغ اور استحکام میں اپنا کلیدی کردار ادا کر رہا ہے اور حکومت کا فرض ہے کہ وہ اس شعبے کیلئے تمام سہولیات فراہم کرے۔دریں اثناء سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ 2025ء تک پاکستان مڈل کلاس کے حوالہ سے 5 واں بڑا ملک بن جائے گا جس کے بعد ملٹری نیشنل کمیپنیوں کیلئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان آبادی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، نوجوانوں کو تعلیم اور ہنر کی صلاحیتوں سے مالامال بنا کر مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹا جا سکتا ہے۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.