بزنس کمیونٹی کا ٹرمپ کے باہمی تجارتی حجم کو 12گنا تک بڑھانے کے فیصلے کا خیر مقدم

 بزنس کمیونٹی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے باہمی تجارتی حجم کو 12گنا تک بڑھانے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔

کاروباری برادری نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے باہمی تجارتی حجم کو بارہ گنا تک بڑھانے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہترین وسائل سے مالامال ہونے کی وجہ سے پاکستان سرمایا کاری کیلئے انتہائی پرکشش ملک ہے۔

پاک یو ایس بزنس کونسل کے بانی چیئرمین، سینئر نائب صدر سارک چیمبر اور یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے مرکزی چیئرمین افتخار علی ملک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر اعظم عمران خان کی ملاقات کے بعد جاری مشترکہ بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے نجی شعبے باہمی تجارت میں اضافے اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں افتخار ملک نے کہا کہ غیر ملکی کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں کو پاکستان کے اسٹریٹجک محل وقوع اور یہاں میسر اقتصادی اور کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان اور امریکا کی حکومتیں اقتصادی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں لہذا دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایا کاری پر مذاکرات کو با معنی ہونا چاہئے، امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور ایک ملین سے زائد پاکستانی امریکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا میں توانائی، زراعت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کو بہتر بنانے کی بہترین صلاحیت ہے، دونوں حکومتوں کو کاروباری اداروں کے مابین تعاون کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.