ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں 9 اگست تک توسیع
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے 2018 کے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں ایک بار پھر توسیع کردی۔
ایف بی آر کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ٹیکس سال 2018 کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 9اگست 2019 تک توسیع کردی گئی۔
ایف بی آر کے مطابق وہ لوگ جو غیر منقولہ جائیداد یا 1000 سی سی کی گاڑی رکھتے ہیں وہ بھی انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے تحت ریٹرن جمع کرائیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس ریٹرن جمع کرنے کی آخری تاریخ 2 اگست مقرر کی گئی تھی البتہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے حکام نے تاریخ میں ایک بار پھر توسیع کا فیصلہ کیا۔
گزشتہ حکومت میں مقررہ تاریخ گزر جانے کے بعد ریٹرن فائل کرنے والے شخص کو اضافی رقم بطور جرمانہ ادا کرنا پڑتی تھی اس کے علاوہ آڈٹ کے مرحلے سے بھی گزرنا پڑتا تھا البتہ تحریک انصاف نے گزشتہ معاشی سال میں بھی ریٹرن جمع کرانے والوں کو سہولت دی۔
یہ بھی یاد رہے کہ حکومت نے آئندہ مالی سال 2020-2019 کے لیے 70 کھرب 22 ارب روپے کا بجٹ پیش کیا گیا۔ جس میں سے ٹیکس وصولی کا ہدف 550 ارب روپے مختص کیا گیا۔ حکومت پاکستان نے ملکی معیشت کو مضبوط اور مستحکم کرنے کے لیے لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا فیصلہ کیا جس کے تحت مختلف اقدامات بھی کیے جارہے ہیں۔اس ضمن میں سب سے پہلے 14 مئی کو ٹیکس ایمنسٹی اسکیم متعارف کرائی گئی تھی جو تین جولائی کو ختم ہوئی۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.