سعودیہ نے اگلے برس حج پر آنے والوں کے لیے اہم اعلان کر دیا
اگلے حج سیزن میں حاجیوں کے پاسپورٹ کی جگہ ’اسمارٹ کارڈ‘ کارآمد ہو گا
سعودی اخبار عکاظ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اگلے حج سیزن کے موقع پر ہر حاجی کو ’اسمارٹ حج کارڈ‘ جاری کیا جائے گا۔ جس کے ہوتے ہوئے حاجیوں کو سعودی عرب میں قیام کے دوران پاسپورٹ کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔ اخبار نے وزارت حج و عمرہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسمارٹ حج کارڈ کے ہوتے ہوئے حاجیوں کو سعودی ایئر پورٹ پر اپنا پاسپورٹ دکھانے کی ضرورت نہیں ہو گی۔دراصل یہ اسمارٹ کارڈ ایک قِسم کا شناختی کارڈ ہو گا جس میں حاجی کے مکمل کوائف، ویزے کی مُدت، حج پیکیج کی تفصیلات، مکرمہ مکرمہ، مدینہ منورہ، منیٰ، مزدلفہ، عرفات میں رہائش کے مقامات، خیموں کی لوکیشن، صحت سے متعلق معلومات اور دیگر ضروری کوائف کا اندراج ہو گا۔ وزارت کے مطابق اسمارٹ حج کارڈ کے حامل افراد کو مقدس مقامات کی زیارت کی خاطر ٹرین کی ٹکٹ لینے کے لیے لمبی قطاروں میں کھڑا نہیں ہونا پڑے گا۔
جبکہ اپنے خیمے کا پتہ بھول جانے کی صورتگ میں کارڈ سکینر مشینوں سے اس کا پتا چلایا جا سکے گا۔ جبکہ اگر کوئی حاجی صحت کی خرابی کی وجہ سے بے ہوش ہو جائے تو طبی امداد کے عملے یا ہسپتال والوں کو اس کی صحت سے متعلق تمام سابقہ ریکارڈ بھی اس اسمارٹ کارڈ کی مدد سے مِل جائے گا۔ یہی نہیں، بلکہ اسمارٹ کارڈ کے باعث کسی حاجی کے بارے میں یہ بھی پتا چل سکتا ہے کہ وہ اس وقت کہاں ہے،وہ کب جمرات پُل گیا تھا، کتنی دیر میں رمی کی اور کتنی دیر میں طواف مکمل کیا ۔ وزارت کے مطابق اس کارڈ کی بدولت غیر قانونی حج کا مکمل طور پر سدباب کیا جا سکے گا۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.