فیس بک نے کیوں اپنی ہزاروں ایپلیکیشنز بند کر دیں؟

 سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک نے اپنی ہزاروں ایپلیکیشنز بند کر دیں، خارج کردہ ایپس قریب چار سو مختلف ڈیویلپرز کی ہیں جبکہ امریکی اخبارے اپنی ایک رپورٹ میں بند کردہ ایپلیکیشنز کی تعداد انہتر ہزار بتائی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کیمبرج اینالیٹیکا اسکینڈل سے متعلق تحقیقات کے تناظر میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک نے ہزاروں ایپلیکیشنز معطل کر دیں۔

کیمبرج اینالیٹیکا اسکینڈل میں سامنے آنے والے حقائق کے مطابق رائے عامہ کو ایک مخصوص سمت میں لے جانے کے لیے صارفین کا ڈیٹا استعمال کیا گیا، جو کہ پرائیویسی قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔

خارج کردہ ایپس قریب چار سو مختلف ڈیویلپرز کی ہیں جبکہ امریکی اخبارے اپنی ایک رپورٹ میں بند کردہ ایپلیکیشنز کی تعداد انہتر ہزار بتائی ہے۔

یاد رہے برطانوی حکومت نے کیمبرج اینالیٹیکا اسکینڈل کی تحقیقات کے بعد فیس بک کو صارفین کے ڈیٹا کی حفاظت نہ کرنے کے جرم میں 6 لاکھ 63 ہزار ڈالرز کا جرمانہ عائد کیا تھا۔

خیال رہے کہ کیمبرج اینالیٹیکا اسکینڈل کے بعد سماجی رابطے کی ویب سایٹ کو کافی بدنامی کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اس کی ساکھ کو بھی بہت نقصان پہنچا تھا۔ فیس بک کے حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی تھی اور ساتھ ساتھ مارک زکربرگ کو بھی امریکا کی قانون ساز اسمبلی میں پیش ہونا پڑا تھا۔

واضح رہے برطانوی اور امریکی میڈیا کے مطابق سال 2014 میں کیمبرج اینالیٹیکا نے مبینہ طور پر ایک سافٹ ویئر کے ذریعے فیس بک استعمال کرنے والے 5 کروڑ صارفین کا ڈیٹا چوری کیا۔

کیمبرج اینالیٹیکا، ایک برطانوی کمپنی تھی، جسے 2016 کے امریکی صدارتی انتخابات کے دوران دولت مند ریپبلکن ڈونرز کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے لیے سرمایہ فراہم کیا گیا تھا۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.