نابینا افراد کے لیے ’شو اینڈ ٹیل‘ فیچر

امریکی کمپنی ایمازون نے ایک ایسا فیچر متعارف کروایا ہے جو بینائی سے محروم افراد کو چیزوں کی شناخت کرنے میں مدد کرے گا۔
ایمازون کا متعارف کروایا گیا ’شو اینڈ ٹیل‘ نامی فیچر صرف گھر کی اشیا کی شناخت تک محدود ہے، بالخصوص کھانے اور صفائی سے منسلک روزمرہ کی ضرورت کے آئیٹمز۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق نابینا شخص کوئی بھی آئیٹم ہاتھ میں اٹھا کر ’ایکو شو‘ نامی سمارٹ سکرین سے سوال کر سکتا ہے کہ ’میں نے کیا اٹھایا ہوا ہے؟‘ یا ’میرے ہاتھ میں کیا ہے؟‘
اس کے لیے سمارٹ سکرین پر لکھنے کی ضرورت نہیں ہو گی، بلکہ صرف چیز کو ہاتھ میں اٹھا کر ’ایکو شو‘ کے سامنے رکھ کر اونچی آواز میں پوچھنا ہو گا۔
’ایکو شو‘ میں لگے کیمرے ہاتھ میں اٹھائی چیز کی شناخت کر کہ بتا دیں گے، جو نابینا شخص سکرین میں نصب سپیکرز کے ذریعے سن سکے گا۔
 ایمازون نے ’ایکو شو‘ کے نام سے سمارٹ سکرین 2017  میں متعارف کروائی تھی جس کے ذریعے ایمازون کی فراہم کردہ سروسز تک باآسانی رسائی مل جاتی ہے۔ اس کے علاوہ ’ایکو شو‘ سکرین رکھنے والے صارفین آپس میں وڈیو کالز کر سکنے کے علاوہ ویڈیو گیمز بھی کھیل سکتے ہیں۔
ایمازون نے اس سمارٹ سکرین میں ’شو اینڈ ٹیل‘ نامی نیا فیچر ڈال کر نابینا افراد کے لیے سہولت پیدا کر دی ہے۔
مکینیکل انجینئر سٹیسی نے اپنی بلاگ پوسٹ میں کہا کہ ایمازون کا نیا فیچر ’بہت زیادہ مددگار ہے اور وقت ضائع ہونے سے بھی بچاتا ہے۔ ایکو شو میرے کاؤنٹر پر پڑا ہوتا ہے، اور مجھے کسی اور آلے یا شخص کو تلاش کرنے کے لیے نہیں جانا پڑتا جو چیز کی شناخت کرنے میں مجھے مدد دے گا۔‘
سٹیسی نوجوانی میں بینائی سے محروم ہو گئی تھیں اور وہ اب امریکی ریاست کیلوفورنیا میں ایمازون سے منسلک نابینا افراد کے سینٹر میں ٹیکنالاجی مینیجر ہیں۔
ایمازون کی ڈیپارٹمنٹل ہیڈ ’سارہ کیپلینر‘ کا کہنا تھا کہ ’شو اینڈ ٹیل‘ فیچر متعارف کرنے کا خیال ایمازون کے نابینا صارفین کی رائے سے آیا، جن کو روز مرہ کی ضرورت کی اشیا کی شناخت کرنے کے لیے دوسروں کا آسرا لینا پڑتا تھا۔
دنیا کی بڑی ٹیکنالاجی کمپنیاں ایپل، گوگل، اور مائیکروسافٹ ایسی ایجادات کرتی رہتی ہیں جس سے معذور افراد کو معمولات زندگی آسانی سے انجام دینے میں مدد مل سکے۔
Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.