ڈاکٹر علامہ اقبال کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے لاہور چیمبر نے جیل روڈ پر’وال آف اقبال’دیوار اقبال قائم کر دی
علامہ اقبال کی مستقبل کے حوالے سے پیش کی گئی تجاویزآج بھی قابل عمل ہیں،سینیٹر ولید اقبال علا مہ اقبال کی تعلیمات نوجوانوں کے لئے مینار نور ہیں ،،صو با ئی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال
قومی شاعر ڈاکٹر علامہ اقبال کو منفرد انداز میں خراج تحسین پیش کرنے کیلئے لاہور چیمبر آف کامرس نے جیل روڈ پر ‘وال آف اقبال’دیوار اقبال قائم کی ہے۔صوبائی وزیر برائے صنعت میاں اسلم اقبال ، صدر ر ، سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر، نائب صدر فہیم الرحمن سہگل اور سینیٹر ولید اقبال نے مشترکہ طور پر دیوار اقبال کا افتتاح کیا ۔لاہور چیمبر کے نو منتخب صدر عرفان اقبال شیخ، نائب صدر میاں زاہد جاوید ، میاں انجم نثار ، ڈی جی والڈ سٹی اتھارٹی کامران لاشاری ، سہیل لاشاری اور لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی ممبران بھی موقع پر موجود تھے۔ سینیٹر ولید اقبال نے کہا کہ جب سے پاکستان بنا ہے کسی حکومت نے اقبال کی تعلیمات کے مطابق کام نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملکی معیشت کے فروغ کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان دنوں معیشت سب سے زیادہ زیر بحث عنوان ہے اور مجھے معیشت کے بارے میں علامہ اقبال کے خیالات پر بات چیت سن کر بہت خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نہایت دور اندیش انسان تھے، ان کی مستقبل کے حوالے سے پیش کی گئی تجاویزآج بھی قابل عمل ہیں ۔ وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ علا مہ اقبال کی تعلیمات ہمارے نوجوانوں کے لئے مینار نور ہیں ، ان پر عمل کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان کی شاعری اور تحریریں اسلامی تعلیمات کے عین مطابق ہیں ، ہمیں اقبال کے شاہین کی طرح زندگی گزارنے اور زندگی کے چیلنجز کا عزم و حوصلے کے ساتھ سامنا کرنے کا طریقہ سیکھنا چاہیے۔ لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر نے کہا کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال دنیا میں سب سے زیادہ کوٹ ہونے والے شاعر ہیں۔ انہوں نے دیوار اقبال کو علامہ اقبال کے پیغام اور فکر کو پاکستانی معاشرے میں عام کرنے اور علامہ اقبال کی فکر کی آگاہی کی مہم میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قیام علامہ اقبال کی فکر کا نتیجہ ہے ،جس طرح جدوجہد آزادی کے دوران علامہ اقبال کے فکر اور شاعری نے مسلمان میں جذبہ عمل پیدا کیا تھا ،اسی طرح آج بھی پاکستانی قوم اسی عمل اور تحرک کے کردار کو علامہ اقبال کی فکر اور شاعری کی حیات افروزی سے حاصل کر سکتی ہے۔لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ پاکستان کے بڑے شہروں میں اقبال وال کی تعمیر کے سلسلے کی یہ پہلی کڑی ہے،یہاں یہ بات قابل ذکر ہے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی طرف سے کی جانے والی مختلف سماجی اور فلاحی سرگرمیوں میں سے یہ سرگرمی اس حوالے سے اہم اور نمایاں ہے کہ اس کا تعلق پاکستان کی نظریاتی اساس کے استحکام کے ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ فکر اقبال کے فروغ اور معاشرے میں نفوذ کے اسی پہلو کو پیش نظر رکھتے ہوئے اقبال وال پر علامہ اقبال کی نثری تحریروں اور ان کی اردو شاعری کے منتخب حصے دیے گئے ہیں جن کا تعلق پاکستان کی نظریاتی اساس اور موجودہ مسائل کے ساتھ ہے۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.