فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹریکا فیصل آباد سے بیجنگ کیلئے پروازیں شروع کرنے کا مطالبہ

فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدررانا محمد سکندر اعظم خان نے پاکستان اور چین کے بڑھتے ہوئے تجارتی تعلقات کے پیش نظر فوری طور پر فیصل آباد سے بیجنگ شنگھائی اور گوانزو کیلئے ہفتہ وار کم از کم پی آئی اے کی ایک ایک پرواز شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کی وجہ سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات میں زبردست اضافہ ہوا ہے جبکہ اس وقت ہماری دو طرفہ تجارت کا حجم15.27 بلین ڈالر ہے جس میں آنے والے دنوں میں مزید اضافہ کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ چین سے درآمدات اور برآمدات کیلئے پاکستان سے بڑی تعداد میں لوگ چین جاتے ہیں مگر اس وقت پی آئی اے اور شاہین ایئر لائن لاہور اور گوانزو کے درمیان ہفتہ وار پرواز چلا رہی ہیں جبکہ تھائی ایئر لائنز لاہور سے شنگھائی کیلئے روزانہ ایک پرواز چلا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رش کی وجہ سے فیصل آباد کے تاجروں کو اکثر و بیشتر دوسری ائیر لائنوں کے ذریعے سفر کرنا پڑتا ہے جو اپنے شیڈول کے مطابق طویل راستہ اختیار کرتی ہیں جبکہ ان کا کرایہ بھی بہت زیادہ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کو فوری طور پر فیصل آباد سے بیجنگ ، شنگھائی اور گوانزو کیلئے کم از کم ہفتہ میں ایک ایک پرواز شروع کرنی چاہیے ۔ انہوں نے بتایا کہ مقامی ٹریول ایجنٹس کے مطابق اسوقت صرف فیصل آباد سے ہفتہ میں چین جانیوالے مسافروں کی تعداد 500 کے لگ بھگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے مطالبے پر پی آئی اے نے جدہ اور مدینہ منورہ کیلئے پرواز شروع کی تھیں جو کہ کامیابی کے ساتھ چل رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کو نئے منافع بخش روٹوں پر پروازیں شروع کرنی چاہئیںتاکہ قومی ایئر لائن کے خسارے پر بھی قابوپایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیصل آباد لاہور اور کراچی کے بعد ملک کا تیسرا اہم ترین صنعتی اور تجارتی شہر بن کر ابھر رہا ہے اس لئے پی آئی اے کو اس کی فضائی سفر کی ضروریات کا اندازہ لگانے کیلئے جامع تحقیق بھی کرنی چاہیے تاکہ اس شہر سے مسافروںکے لوڈ کے مطابق مزید شہروں اور ملکوںکیلئے بھی پروازوں کا سلسلہ شروع کیا جا سکے۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.