چین کی یونیورسٹی میں ڈاکٹر عطاالرحمان کے نام سے ریسرچ سینٹر قائم

پاکستان کے نامور سائنس داں، سابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور بانی چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن، پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمان (ایف آر ایس) کے نام سے چین کی یونیورسٹی میں ریسرچ سینٹر قائم کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چین میں پاکستان کے معروف سائنس دان پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمان کے نام سے ریسرچ سینٹر کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا ہے۔ ہنان یونیورسٹی آف میڈیسن میں بنائے گئے اس تحقیقی ادارے کا پورا نام ’’پروفیسر عطا الرحمان ون بیلٹ ون روڈ ٹی سی ایم ریسرچ سینٹر‘ رکھا گیا ہے۔ اس حوالے سے ایک تقریب بھی منعقد کی گئی جس میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری اور خود ڈاکٹر عطا الرحمان بھی شریک تھے۔

اس موقع پر ہنان یونیورسٹی آف چائنیز میڈیسن کے ممتاز پروفیسر وی وینگ نے کہا کہ پروفیسر عطا الرحمان کے نام سے چینی تحقیقی ادارے کا قیام دراصل معروف پاکستانی سائنس دان کی روایتی ادویات کے شعبے میں گراں قدر خدمات اور دو ملکوں کے درمیان سائنسی تعاون کے قیام میں ان کی قائدانہ معاونت کا اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا  ہنان یونیورسٹی چین کی چند بڑی سرکاری جامعات میں سے ایک ہے جہاں غیر ملکی طالب علموں کی بڑی تعداد میں پاکستان سے 500 اسکالر بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر عطا الرحمان کے نام سے ملائیشیا میں بھی ایک سائنسی مرکز قائم کیا جاچکا ہے۔ ملائیشیا کی سب سے بڑی جامعہ، یونیورسٹی ٹیکنالوجی مارا میں ’عطا الرحمان انسٹی ٹیوٹ آف نیچرل پراڈکٹ ڈسکوری‘ کے نام سے یہ ادارہ بنایا گیا ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمان آج کل وزیراعظم پاکستان کی قائم کردہ ٹاسک فورس برائے سائنس و ٹیکنالوجی کے چیئرمین، سائنس اور ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت کے قیام کےلیے ٹاسک فورس کے وائس چیئرمین اور ٹاسک فورس برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شریک سربراہ کے عہدوں پر فائز ہیں۔

پروفیسر عطا الرحمان نے نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ اس ضمن میں ان کی 1142 سے زیادہ بین الاقوامی اشاعتیں، نامیاتی و غیر نامیاتی کیمیا، این ایم آر اسپیکٹرو اسکوپی اور نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری کے موضوعات پر امریکا، یورپ اور جاپان میں طبع شدہ 254 کتب اور بین الاقوامی سائنسی جرائد میں 775 سے زیادہ تحقیقی اشاعتیں قابل ذکر ہیں جبکہ 43 پیٹنٹس بھی ان کے نام ہیں۔

ڈاکٹر عطاالرحمان کی نگرانی میں اب تک 82 طالب علم پی ایچ ڈی کرچکے ہیں، پروفیسرعطا الرحمان 8 یورپی ریسرچ جرنلز کے مدیِرِ اعلیٰ ہیں جب کہ متعلقہ شعبے میں دنیا کے نمایاں انسائیکلوپیڈیا کے مدیر بھی ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹرعطا الرحمان کوکئی قومی اور  بین الاقوامی اعزازات سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.