متحدہ عرب امارارت میں پاکستانی کمیونٹی نے  یومِ سیاہ ٔ کشمیر منایا۔

آج یومِ سیاہ کشمیر منانے کے لئے سفارت  خانہ ٔپاکستان میں ایک تقریب کا انعقاد ہوا جس میں ابوظہبی میں رہنے والے کشمیری نمائندگان اور پاکستانی کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔  متحدہ عرب  امارات میں پاکستان کے سفیر عزت مآب غلام دستگیر نے تقریب کی صدارت  کی۔ اس موقع پر یومِ سیاہ کشمیر کے حوالے سے صدر اور وزیراعظم کے خصوصی پیغامات پڑھے گئے۔

اپنے خطاب میں سفیرِ پاکستان نے کشمیر کے عوام کی اُنکے حقِ خودارادیت  کے لئے جدوجہد ِآزادی  کو سراہا۔  انہوں نے کہا کہ یومِ سیاہ کشمیر  منانے کا مقصد قوم اور دُنیا کو  کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی قبضے کی یاد دلانا اور بھارتی مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی حالتِ زار  کواُجاگر کرنا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس دن پاکستانی عوام  اپنے کشمیری بہن بھائیوں  کی جائز خواہشات اور اقوامِ متحدہ کی قراردوں کے مطابق حقِ خودارادیت کے حصول کی  حمایت کا اعادہ کرتی ہے ۔ اُنہوں نے کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں، انسانی جانوں کی بے حرمتی، عصمت دریوں اور پیلیٹ گنز کے ذریعے بچوں کو بصارت سے محروم کرنے کا ذکر کرتے ہوئے اسے انسانی وقار کے خلاف قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ  گذشتہ سات دہائیوں  سے زیادہ کشمیری تنازعہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈا پر رہا ہے اور اس وقت سے یہ بین الاقوامی برادری کے ضمیر پر ایک داغ ہے۔

بھارتی حکومت کے 5 اگست کے غیر قانونی اور یک طرفہ فیصلے جس میں اپنے آئین کے آرٹیکل  370 کو منسوخ  کرکے گذشتہ چوراسی دنوں سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے نفاذ کے ساتھ علاقہ میں  مواصلاتی بندش  کی ہوئی ہے، کے حوالے سے سفیرِ پاکستان نے اس سال کے یومِ سیاہ  کی خصوصی اہمیت پر زور دیا اور پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کشمیریوں کے ساتھ اُن کے جائز حقِّ خود ارادیت کے حصول کے لئے اظہارِ یک جہتی کیا۔  اُنہوں نے بین الاقوامی برادری سے مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کے سلامتی کونسل کی قرارداوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق پُر امن طور پر حل کرنے کا مطالبہ کیا۔

تقریب کے دوران کشمیر میں ہندوستانی حکومت  کی جانب سے کی جانے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی۔  اس موقع پر شیخ خلیفہ  بن زاید عرب پاکستان سکول، ابو ظہبی ، پاکستانی اسلامیہ پرائیویٹ سکول ،العین اور پاکستان کمیونٹی ویلفیئر سکول ، مصفحہ کے طلباء نے ملّی نغمے پیش کئے۔

تقریب کے اختتام پر، کشمیر ی شہدا اور مسئلہ کشمیر کے اقومِ متحدہ کی قراردادوں اور   کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق فوری حل کے لئے خصوصی دعائیں  مانگی گئیں۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.