پاکستان سے باہمی تجارت و سرمایہ کاری میں تعاون کے خواہاں ہیں ، نائب صدر کیوبا
کیوبا کے نائب صدر ڈاکٹر روبرٹو موریلز اوجدہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ باہمی تجارت و سرمایہ کاری اور ہیلتھ کئیر سمیت متعدد شعبوں میں قریبی تعاون کے خواہاں ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر تاجر براری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
کیوبا کے نائب صدر نے تاجروں سے خطاب میں کہا کہ کیوبا پاکستان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری اور ہیلتھ کئیر سمیت متعدد شعبوں میں قریبی تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے کیونکہ دونوں ممالک مختلف فیلڈز میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں.
اس موقع پر پاکستان میں تعینات کیوبا کے سفیر جبرئیل ٹیل کیپوٹ اور کیوبا کی وزارت خارجہ و وزارت پبلک ہیلتھ کے نمائندگان بھی موجود تھے۔
کیوبا کے نائب صدر نے کہا کہ دونوں ممالک قدرتی ادویات سمیت ایک دوسرے کے ساتھ متعددمصنوعات و سروسز کا تبادلہ کر سکتے ہیں لہذا باہمی تجارت کا فروغ کیوبا اور پاکستان کی اہم ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کیوبا کے پاس قدرتی وسائل اور معدنیات کے زیادہ ذخائر نہیں ہیں لہٰذا کیوبا کی قیادت نے بائیو ٹیکنالوجی سمیت سائنس و ٹیکنالوجی کے فروغ پر زیادہ توجہ دی تا کہ نالج اکانومی کو فروغ دیا جائے۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کے سرمایہ کار کیوبا کا دورہ کر کے جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں۔
اس موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے2005کے زلزلے کے بعد پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون کرنے پر کیوبا کی قیادت اور عوام کا ایک مرتبہ پھر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان اور کیوبا تجارتی وفود کا تبادلہ بڑھانے کی حوصلہ افزائی کریں جس سے دوطرفہ تجارت بہتر ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ کیوبا نے میڈیکل سائنس میں بہت ترقی کی ہے لہذا وہ میڈیکل سمیت دیگر شعبوں کی ٹیکنالوجی پاکستان کو منتقل کرے تاکہ ہمارا صنعتی شعبہ بھی بہتر طور پر ترقی کرسکے۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.