کرتار پور راہداری کا قیام خوش آئند عمل ہے، امریکا

امریکا نے کرتار پور راہداری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے سکھ یاتریوں کو اپنے مذہبی مقام کی زیارت پر مبارک باد پیش کی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان مورگن آرٹاگس نے سکھ یاتریوں کو ان کے مذہبی پیشوا گرونانک کی 550 ویں جنم دن کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا پاکستان اور بھارت کے درمیان کرتار پور راہداری کے افتتاح کو سراہتا ہے۔ یہ مذہبی آزادی کی جانب خوش آئند قدم ہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں مورگن آرٹاگس نے مزید کہا کہ ہمسایہ ممالک کا مشترکہ مفادات کے لیے باہمی تعاون کرنا ایک مثبت مثال ہے۔ جس سے مذہبی آزادی کو فروغ ملے گا۔ پاکستان اور بھارت کرتار پور راہداری کے قیام پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ دنیا کو امن اور سلامتی کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز 3 کلو میٹر طویل کرتار پور راہداری کا افتتاح کردیا اور معروف اداکار سنی دیول، کرکٹر سدھو اور سابق وزیراعظم من موہن سنگھ سمیت دنیا بھر سے سیکڑوں سکھ یاتری بابا گرنانک کے جنم دن کی مناسبت سے تقریب میں شرکت کے لیے گوردوارہ دربار صاحب پہنچے تھے۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.