حکومت کا ایک اور موبائل ایپ لانچ کرنے کا فیصلہ
رفع حاجت کیلئے پریشان پھرنے کا زمانہ ہواپرانا،خیبرپختونخوا حکومت نے عوامی مقامات پر موجود بیت الخلا ڈھونڈنے کیلئے ٹوائلٹ فائنڈرکے نام سے ایپ لانچ کرنے کااعلان کیا ہے جو لوگوں خصوصا سیاحوں کو عوامی مقامات پر تقاضائے بشری کیلئے پیش آنے والی مشکلات سے بچائے گی۔
متعلقہ حکام کے مطابق یہ ایپ رواں سال انیس نومبرکو لانچ کردی جائے گی۔بیت الخلا کی تلاش کے مشکل مرحلے کو کم کرنے کے اس حکومتی اقدام کا اعلان پشاورکی مقامی حکومت کے سنٹر برائے پانی و نکاسی عمران اللہ محمود نے وزیراعلیٰ کے پی کے کے معاون خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کامران بنگش کو ایک بریفنگ دیتے ہوئے کیاہے۔
انہوں نے کہا اسی طرز پر آسٹریلیا اور بھارت میں ایپس متعارف کروائی جاچکی ہیں جس کے بعد اب خیبر پختونخواکے عوام بھی اس سہولت سے مستفیدہوسکیں گے۔انہوں نے مزیدکہا کہ اس ایپ کو متعارف کا مقصد کھلے میں رفع حاجت کرنے کی حوصلہ شکنی کرنا،ماحول کو صاف ستھرا رکھنا اور اپنے شہریوں کو بیماریوں سے بچاناہے۔
عمران اللہ نے کہا اس حوالے سے تمام ضروری معلومات جمع کرلی گئی ہیں۔جس میں فاصلہ ،خواتین اورمعذوروں اور بچوں کیلئے مختص ٹوائلٹس کاریکارڈوغیرہ شامل ہے اکٹھا کیاجاچکا ہے۔
اس موقع پر کامران بنگش نے مقامی حکومت کے اس اقدام کی تعریف کی اور کہاکہ اس ایپ سے نہ صرف مقامی افراد بلکہ سیاح بھی مستفید ہوسکیں گے۔اس کے ساتھ ساتھ یہ اقدامات صوبے کا امیج بھی بہتر بنائیں گے۔کامران نے کہاوزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ملک کو صاف اور شفاف بنانے کے اقدامات پر تیزی سے مل کیاجارہاہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے صوبے کو جدت دی جا رہی ہے جبکہ مستقبل میں اسے پیپر فری صوبہ بنادیاجائے گا۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.