سعودی آرامکو مارکیٹ ویلیوکے لحاظ سے دنیا کی سب سے بڑی کمپنی کے طور پر سامنے آئی ہے، اس کی مارکیٹ ویلیو 1.88ٹریلین ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق آرامکو نے ایپل کمپنی کو بھی مارکیٹ ویلیو کے حوالے سے پیچھے چھوڑ دیا ہے، آرامکو شیئر کی قدر میں 10 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔
ماہرین نے توقع ظاہر کی ہے کہ آرامکو کے حصص کی قیمت 40 ریال تک پہنچ جائے گی‘۔
تداول میں شیئرز متعارف ہونے کے بعد مالکان آرامکو کے اپنے شیئر فروخت کرسکتے ہیں اور دوسروں کے شیئر خرید بھی سکتے ہیں۔
سعودی مالیاتی کمپنی کے ایگزیکٹیو چیئرمین ھشام ابو جامع نے توقع ظاہر کی ہے کہ سعودی حصص مارکیٹ میں 2ہفتے تک آرامکو کے شیئر کی طلب بڑھتی جائے گی۔ ایک شیئر کی قیمت 40 ریال تک پہنچے گی جبکہ طلب میں بتدریج اضافہ ہو گا۔
ھشام ابو جامع نے العربیہ چینل سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ تداول میں آرامکو کے شیئرز کا لین دین حیران کن تھا۔ریکارڈ وقت میں 500 ملین ریال سے زیادہ کے سودے ہوئے۔
اخبار 24 کے مطابق امریکی خبررساں ادارے بلومبرگ کا کہناہے کہ سعودی تداول (اسٹاک مارکیٹ) میں حصص کے اندراج کے بعد سعودی تداول دنیا کی نویں شیئر مارکیٹ بن گئی ہے۔ اس کی مارکیٹ ویلیو 2.2 ٹریلین ڈالر یعنی 8.25 ٹریلین ریال تک پہنچ جائے گی۔
بلومبرگ کے مطابق آرامکو کے 1.5فیصد شیئر مارکیٹ میں لانے سے سعودی اسٹاک ایکسچینج کا حجم انڈین شیئر مارکیٹ کے حجم سے آگے بڑھ گیا ہے۔ یہ جرمن اور کینیڈین اسٹاک ایکسچینج کے حجم کے قریب پہنچ گیا۔
بلومبرگ نے ڈیلما کیپٹل کمپنی کے ایگزیکٹیو چیئرمین زکریا سفاری کے حوالے سے بتایا کہ آئندہ چند دنوں کے دوران آرامکو کی قدر 2 ٹریلین ڈالر بلکہ اس سے زیادہ کی ہوجائے گی۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق سعودی آرامکو کے حصص کو توقعات سے کہیں زیادہ کامیابی ملی ہے۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جس توقع کا اظہار کیا تھا کامیابی اس کے قریب تک پہنچ چکی ہے۔
ولی عہدنے توقع ظاہر کی تھی کہ سعودی آرامکو کی مارکیٹ ویلیو 2 ٹریلین ڈالر کے لگ بھگ ہے۔ آرامکو نے 1.88ٹریلین ڈالر کا ہدف عبور کرلیاہے۔
آرامکو نے ابھی تک صرف 1.5فیصد شیئر ہی فروخت کیے ہیں۔ پہلے ہی مرحلے میں 25.6 ارب ڈالر جمع کرلیے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.