عمرہ زائرین کو ایک لاکھ ریال کی میڈیکل انشورنس کی سہولت حاصل ہو گئی

انشورنس اسکیم میں طبی امداد و صحت، ٹرانسپورٹ، ٹریفک حادثات، قدرتی آفات،ایمبولینس، ایمرجنسی، پرواز میں تاخیر، سامان گم ہونے اورایئرپورٹ پر قیام سمیت دیگر سہولیات حاصل ہیں

سعودی عرب میں اس بار یکم محرم الحرام سے عمرہ سیزن کا آغاز ہو گیا ہے۔ اس بار بھی عمرہ زائرین کی فہرست میں پاکستانی سب سے آگے ہیں۔ سعودی حکومت نے تمام عمرہ زائرین کو خوش خبری سُنا دی ہے جس کے مطابق معتمرین کو عمرہ کے دوران میڈیکل انشورنس کی سہولت حاصل ہو گی۔ اس سہولت کے باعث سعودی مملکت آئے زائرین کو صحت کی خرابی اور حادثات وغیرہ کی صورت میں بہترین طبی خدمات فراہم کی جائیں گی۔سعودی اخبار کے مطابق انشورنس اسکیم میں طبی امداد و صحت، ٹرانسپورٹ، ٹریفک حادثات، قدرتی آفات،ایمبولینس، ایمرجنسی، پرواز میں تاخیر، سامان گم ہونے اور ایئرپورٹ پر قیام سمیت دیگر سہولیات حاصل ہیں۔اسی وجہ سے تمام عمرہ زائرین کے لیے میڈیکل انشورنس لازمی کر دی گئی ہے۔

عمرہ زائرین کے لیے یہ ہیلتھ انشورنس بہت کم داموں میں مہیا کی گئی ہے۔

صرف 110 ریال میڈیکل انشورنس فیس کی مد میں ادا کرنے پر معتمرین کی انشورنس ہو جائے گی۔ اس انشورنس کا دورانیہ 30 دِن پر محیط ہو گا۔ جس کے باعث اُنہیں کسی حادثے، صحت کی خرابی اور سامان کی گمشدگی وغیرہ کی صورت میں اُن پر ایک لاکھ ریال تک کی رقم خرچ کی جا سکے گی۔ اس انشورنس سکیم میں تمام انشورنس کمپنیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ گزشتہ روزسعودی وزیر حج ڈاکٹر محمد صالح بنتن نے التعاونیہ انشورنس کمپنی کے چیئرمین سلیمان الحمید کے ساتھ بھی ہیلتھ انشورنس معاہدے پر مشترکہ طور پر دستخط کر دیئے۔ یہ سہولت ایجنسیوں کے ذریعے عمرہ پیکیج حاصل کرنے والوں یا آن لائن عمرہ ویزا حاصل کرنے والوں کے لیے ہے۔واضح رہے کہ عمرہ ویزہ کی فیس 300 ریال ہو گی۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.