معذوروں اور بزرگ افراد کے لیے فضائی سفر میں مزید سہولت
مجلس شوریٰ کے اجلاس میں سفارش کی گئی کہ ریاست میں معذوروں اور بزرگ افراد کو فضائی سفر میں مزید سہولت فراہم کرتے ہوئے اندرون اور بیرون ملک پروازوں کے ٹکٹوں میں رعایت دی جائے۔
سعودی ویب سائٹ کے مطابق مجلس شوریٰ کے اجلاس کے دوران انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹرانسپورٹ کمیٹی نے محکمہ شہری ہوا بازی سے کہا ہے کہ فضائی کمپنیوں کو معذوروں اور بزرگ افراد کے لیے اندرون اور بیرون ملک پروازوں کے ٹکٹوں میں مزید رعایت دینے پر آمادہ کیا جائے۔
مجلس شوریٰ نے ہوائی اڈوں کی بنیادی خدمات اور طیاروں کی اصلاح و مرمت کا معیار بھی بلند کرنے کا کہا ہے۔ مجلس کی جانب سے کہا گیا کہ طائف ایئرپورٹ کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے اور اس میں توسیع بھی کی جائے۔
اجلاس میں کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ کا بوجھ ہلکا کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔
شوریٰ کی خصوصی کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ سعودی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہوائی اڈوں کے مختلف منصوبوں میں حصہ لینے کے لیے خصوصی پالیسی بنائی جائے اور انہیں اس کی ترغیب دی جائے۔
شوریٰ نے سفارش کی کہ سعودی عریبین ایئر لائنز بوڑھوں اور معذوروں کو اپنی اندرون ملک تمام پروازوں پر مراعات دے۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.